بیٹے کی شادی کا استقبالیہ منسوخ، سی ایم کو 2 کروڑ کا عطیہ
تلنگانہ میں کانگریس کے ایک ایم ایل اے نے اپنے فرزند کی شادی کا استقبالیہ منسوخ کرتے ہوئے کسانوں میں یوریا کی تقسیم کے لئے2کروڑ روپے کا گرانقدر عطیہ دیا۔
حیدرآباد (آئی اے این ایس) تلنگانہ میں کانگریس کے ایک ایم ایل اے نے اپنے فرزند کی شادی کا استقبالیہ منسوخ کرتے ہوئے کسانوں میں یوریا کی تقسیم کے لئے2کروڑ روپے کا گرانقدر عطیہ دیا۔
یہ رقم شادی کے استقبالیہ کے انتظامات پر خرچ کی جانے والی تھی۔ مریال گوڑہ کے کانگریسی ایم ایل اے باتھولہ لکشما ریڈی نے جمعرات کے روز یہاں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں 2کروڑ روپے کے عطیہ کا چیک پیش کیا۔
رکن اسمبلی نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ عطیہ کی اس رقم سے حلقہ مریال گوڑہ کے ایک لاکھ کسانوں میں فی کس ایک بیاگ یوریا کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ رکن اسمبلی کے ساتھ ان کے فرزند سائی پرسنا اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
حالیہ دنوں پرسنا کی شادی انجام پائی لیکن افراد خاندان نے بڑے اور شاندار پیمانے پر استقبالیہ تقریب کے اہتمام کا منصوبہ بنایا تاہم یوریا کی قلت سے کسانوں کو درپیش مسائل پر غور کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے شانداراستقبالیہ تقریب کو منسوخ کرنے اور اس کے بجائے اس رقم سے کسانوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
دفتر چیف منسٹر کے مطابق سی ایم ریونت ر یڈی نے اس بے لوث اقدام پر رکن اسمبلی اور ان کے افراد خاندان کی ستائش کی اور کہا کہ مریال گوڑہ کے ایم ایل اے لکشما ریڈی اور ان کے افراد خاندان نے اپنی نجی خوشی کو پریشان حال کسانوں کی مدد کرنے پر ترجیح دی ہے۔
رکن اسمبلی کا یہ عمل، ان کے گن مین کی جانب سے مبینہ طور پر کسانوں کیلئے مختص یوریا سے بھری لاری کے رخ کو دوسری طرف موڑ لینے کے چنددنوں بعد سامنے آیا۔ یہ یوریا، مریال گوڑہ حلقہ کے کسانوں کے لئے مختص تھا۔