حیدرآباد

عمرہ اور حج کے لیے حرمین شریفین کی زیارت: شیخ الجامعہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری کا تربیتی کیمپ سے خطاب

تربیتی اجتماع میں تقریباً 150 معتمرین مرد و خواتین نے شرکت کی، جنہیں حج و عمرہ کے دوران کی جانے والی عبادات اور ضروری ہدایات پر تربیت دی گئی۔

حیدرآباد: شیخ الجامعہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری نے عمرہ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اور عمرہ کے لیے حرمین شریفین کی زیارت دنیا اور آخرت میں فلاح و کامیابی کا باعث ہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد: شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے 110 ویں عرس مبارک کے موقع پر جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد
حیدرآباد کلکٹر نے گورنمنٹ ہائی اسکول نابینا اردو میڈیم دارالشفا کا اچانک دورہ کیا
اللہ کے رسول ؐ نے سوتیلے بہن بھائیوں کے ساتھ حسن سلوک اور صلہ رحمی کا حکم دیا: مفتی محمد صابر پاشاہ قادری
محفل نعت شہ کونین صلی اللہ علیہ وسلم و منقبت غوث آعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ
محترمہ چاند بی بی معلمہ منڈل پرجاپریشد اپر پرائمری اسکول کوتّہ بستی منڈل جنگاؤں کو کارنامہ حیات ایوارڈ

انہوں نے کہا کہ جو لوگ قیامت تک حج و عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے، وہ خوش نصیب ہیں۔ یہ لوگ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی صدائے لبیک پر جواب دے کر حرمین شریفین کی زیارت کرتے ہیں اور اس زیارت کے ذریعے انہیں دنیا و آخرت میں کامیابی ملتی ہے۔

مولانا سیف اللہ قادری نے مزید کہا کہ حرمین شریفین جانے والے معزز خواتین و حضرات خوش نصیب ہیں، کیونکہ ان کی دنیا اور آخرت میں فلاح و بہبودی اور نجات کا ذریعہ یہ زیارت ہے۔

اس موقع پر عمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری صاحب قبلہ نے نئے شیخ الجامعہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری کی گلپوشی و شالپوشی کی۔

تربیتی اجتماع میں تقریباً 150 معتمرین مرد و خواتین نے شرکت کی، جنہیں حج و عمرہ کے دوران کی جانے والی عبادات اور ضروری ہدایات پر تربیت دی گئی۔

معتمرین کو 4 دسمبر کو حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی ایئرلائنز کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا۔ عمرہ کے بعد مکہ مکرمہ میں مقدس مقامات کی زیارت کے بعد 14 دسمبر کو مدینہ منورہ زیارت نبویؐ اور دیگر مقدس مقامات کی زیارت کی جائے گی۔ 22 دسمبر کو یہ معتمرین وطن واپس آئیں گے۔

صدر جلسہ عمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ خانہ کعبہ پر پہلی نظر ڈالتے وقت دعا کریں کہ اللہ تعالی ہماری دعاؤں کو مستجاب کرے اور ہم ہمیشہ اس کے ساتھ رہیں۔

انہوں نے معتمرین کو نصیحت کی کہ وہ عمرہ کے بعد نماز پنجگانہ باجماعت اور توبہ و استغفار کی عادت اپنائیں۔ خواتین کو بھی اپنے گھروں میں عبادات الہیہ میں مشغول رہنے کی ترغیب دی۔

اس تربیتی اجتماع میں دیگر علماء کرام اور شخصیات نے بھی خطاب کیا، جن میں مولانا حافظ شاہ محمد علاء الدین انصاری قادری، مولانا حافظ مفتی سید شاہ انوار اللہ نعمتی قادری، مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی، مولانا سید شاہ انعام اللہ قادری مزمل بابا اور دیگر شامل تھے۔

جلسہ کا آغاز نابینا ممتاز حافظ وقاری محمد مسلم الدین انصاری کی تلاوت قرآن پاک اور جناب محمد مکرم کی نعت شریف سے ہوا۔ اس کے بعد مختلف علماء نے معتمرین کو حج و عمرہ کی عبادات اور ضروری ہدایات سے آگاہ کیا۔