سوشیل میڈیا

ونڈر بوائے، یوسف شاہ نے آئن سٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو پیچھے چھوڑ دیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوسف شاہ نے مینسا کے آئی کیو ٹیسٹ میں شرکت کی تھی کیونکہ ان کے دوست انہیں ہمیشہ بتاتے رہتے تھے کہ وہ بہت ذہین ہیں۔

لندن: برطانیہ کے ایک 11 سالہ مسلم لڑکے نے مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرکے البرٹ آئن سٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ جیسی شخصیتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ ایک انتہائی ناقابل یقین بات ہے لیکن سچ ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اسٹیفن ہاکنگ اور آئن سٹائن کا آئی کیو اسکور 160 پوائنٹس تھا جبکہ گیارہ سالہ یوسف شاہ نے آئی کیو ٹسٹ میں 162 نشانات حاصل کرکے ایسی دو شخصیتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کے سائنسی نظریات سامنے آنے کے بعد ٹکنالوجی نے نئی جہتیں حاصل کیں اور انسان ستاروں کے آگے موجود جہانوں کو دریافت کرنے میں کامیاب ہوا۔

یوسف شاہ، لیڈز کے وگٹن مور پرائمری اسکول میں چھٹی جماعت کے طالب علم ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوسف شاہ نے مینسا کے آئی کیو ٹیسٹ میں شرکت کی تھی کیونکہ ان کے دوست انہیں ہمیشہ بتاتے رہتے تھے کہ وہ بہت ذہین ہیں۔

یارکشائر ایوننگ پوسٹ سے بات کرتے ہوئے یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ اسکول میں ہر کوئی سوچتا ہے کہ میں بہت ہوشیار ہوں، ذہین ہوں اور میں ہمیشہ یہ جاننا چاہتا تھا کہ کیا میں ٹیسٹ دینے کی قابلیت رکھنے والے 2 فیصد لوگوں میں بھی شامل ہوسکتا ہوں؟

یوسف، مستقبل میں کیمبرج یا آکسفورڈ میں ریاضی کا مطالعہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن اس دوران، وہ اپنے ہائی اسکول کے داخلے کے امتحانات کی تیاری کے لئے اپنی تخلیقی تحریری صلاحیتوں پر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یوسف شاہ کو ہر وہ کام کرنا پسند ہے جو ان کے دماغ کو متحرک کرے اور وہ سوڈوکو پزل اور روبک کیوبز کو حل کرنے میں لطف اندوز ہوتے ہیں۔

یوسف شاہ کا آٹھ سالہ بھائی خالد بھی مینسا ٹیسٹ دینے کی خواہش رکھتا ہے۔

یوسف کی والدہ ثنا نے کہا کہ جب ان کا بیٹا آئی کیو ٹیسٹ دینے والوں سے بھرے کمرے میں داخل ہوا تو وہ پریشان تھیں۔ وہ فکر مند تھیں کہ اس کے بیٹے کو وہاں موجود عمر میں بڑے لوگ خوف زدہ کریں مگر یوسف پر دیگر لوگوں کی موجودگی کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اس کا برتاؤ معمول کے مطابق رہا۔

یوسف کے والد عرفان کے مطابق ٹیسٹ دینے سے پہلے یوسف کی کوئی خاص تیاری نہیں تھی۔ ان کے بیٹے نے وہی کیا جو وہ پہلے ہی سے کررہا تھا۔

مینسا ایسوسی ایشن کی بنیاد دو انگریز وکلاء، لانس وار اور رونالڈ پرل نے 1946 میں انگلینڈ میں رکھی تھی۔ یہ اعلیٰ ذہانت کے حامل افراد کی سب سے مشہور اور قدیم ترین انجمن ہے اور اس کی شاخیں دنیا کے 80 ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ایک لاکھ 45 ہزار سے زیادہ اس کے ارکان ہیں۔