گرمی سے بے حال لوگوں کو جلد ملے گی راحت، پانچ دنوں میں کیرالا پہنچے گا مانسون
جنوب مغربی مانسون کے اگلے پانچ دنوں میں کیرالہ میں دستک دینے کا امکان ہے جس سے ملک بھر میں چلچلاتی گرمی اور لو سے پریشان لوگوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔
پونے: جنوب مغربی مانسون کے اگلے پانچ دنوں میں کیرالہ میں دستک دینے کا امکان ہے جس سے ملک بھر میں چلچلاتی گرمی اور لو سے پریشان لوگوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔
پونے کے موسمیاتی مرکز (آئی ایم ڈی) نے پیر کو کہا کہ جنوبی بحیرہ عرب کے کچھ حصے، مالدیپ کے باقی حصے، لکشدیپ خطہ، کیرالہ کے کچھ حصے، جنوب مغربی اور وسطی خلیج بنگال، شمال مشرقی خلیج بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ حصے اور کومورین علاقے میں جنوب مغربی مانسون کے آگے بڑھنے کے لئے حالات سازگار ہونے کا امکان ہے۔
آج اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ ، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، مغربی راجستھان، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم، جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، مظفرآباد، ہماچل پردیش، مشرقی راجستھان میں الگ الگ مقامات پر دن کا درجہ حرارت معمول سے 5.1 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ رہا۔
مغربی اتر پردیش میں کئی مقامات پر، اتراکھنڈ میں کچھ مقامات پر، مشرقی اتر پردیش، مدھیہ پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں الگ تھلگ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 3.1 سے 5.0 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا۔
بہار، ودربھ، گجرات کے علاقے، سوراشٹرا اور کچھ، جھارکھنڈ، مراٹھواڑہ میں الگ الگ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 1.6 سے 3.0 ڈگری سیلسیس زیادہ درج کیا گیا۔
اوڈیشہ اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں الگ الگ مقامات پر دن کا درجہ حرارت معمول سے 5.1 ڈگری سیلسیس کم رہا۔ گنگائی مغربی بنگال، رائل سیما، وسطی مہاراشٹرا، شمالی داخلی کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالہ، ماہے، انڈمان اور نکوبار جزائر اور ملک کے دیگر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 1.6 سے3.0 ڈگری زیادہ تھا۔