دہلی

ریاستیں ’آنند میرج ایکٹ‘ نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں

جھارکھنڈ، مہاراشٹرا اور میگھالیہ سمیت کئی ریاستوں نے اپنی ریاستوں میں’ آنند میرج ایکٹ‘ کو نافذ کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔کئی دیگر ریاستوں نے مرکز کو دو ماہ کے اندر اس پر عمل آوری کا یقین دلایا ہے۔

نئی دہلی: جھارکھنڈ، مہاراشٹرا اور میگھالیہ سمیت کئی ریاستوں نے اپنی ریاستوں میں’ آنند میرج ایکٹ‘ کو نافذ کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔کئی دیگر ریاستوں نے مرکز کو دو ماہ کے اندر اس پر عمل آوری کا یقین دلایا ہے۔

یہ اطلاع پیر کو اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔یہ ایکٹ سکھوں کی شادیوں کی تکمیل اور رجسٹریشن سے متعلق ہے۔

وزارت کی ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے قومی کمیشن نے آنند میرج ایکٹ کے نفاذ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ میٹنگ کی۔

کمیشن کے چیرمین اقبال سنگھ لال پورہ کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ میٹنگ میں 18 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ آنند میرج ایکٹ کے تحت سکھوں کی شادیوں کے نفاذ اور رجسٹریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں’’کچھ ریاستوں بشمول جھارکھنڈ، مہاراشٹر اور میگھالیہ نے اپنی اپنی ریاستوں میں مذکورہ ایکٹ کے نفاذ کے بارے میں مطلع کیا، جبکہ باقی ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے اس قانون کو دو ماہ کے اندر نافذ کرنے کا یقین دلایا ہے‘‘۔

آنند میرج ترمیمی ایکٹ 2012، جس نے 1909 کے آنند میرج ایکٹ میں ترمیم کی، 7 جون 2012 کو صدر کی منظوری حاصل کی تھی۔ اس ایکٹ نے سکھ روایتی شادیوں کو تسلیم کرنے کی راہ ہموار کی۔ اس میں ‘’آنند کارج‘ شادیوں کی لازمی رجسٹریشن کا انتظام کیا گیا ہے۔

a3w
a3w