شمالی بھارت
ضیاء الرحمن برق کی گرفتاری پر روک
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مغل دور کی مسجد کے سروے کے دوران اترپردیش کے سنبھل میں تشدد کے سلسلہ میں سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق کی گرفتاری پر جمعہ کے دن روک لگادی۔
پریاگ راج(یوپی) (پی ٹی آئی) الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مغل دور کی مسجد کے سروے کے دوران اترپردیش کے سنبھل میں تشدد کے سلسلہ میں سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق کی گرفتاری پر جمعہ کے دن روک لگادی۔
عدالت نے تاہم ایف آئی آر رد کرنے سے انکار کردیا۔ سنبھل پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں ضیاء الرحمن برق پر الزام ہے کہ انہوں نے شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران تشددکے لئے اُکسایا۔ تشدد میں 4 جانیں گئی تھیں۔
جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس اظہرحسین ادریسی پر مشتمل بنچ نے ضیاء الرحمن برق کے وکیل عمران اللہ اور سرکاری وکیل کی بحث کی سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا۔
عدالت نے کہا کہ برق کے خلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔ اس نے رکن پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ تحقیقاتی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کریں۔