مہاراشٹرا

گجراتیوں اور راجستھانیوں کو ہٹادیا جائے تو ممبئی مالی دارالحکومت نہیں رہے گی: گورنر

گورنر کوشیاری نے کہاکہ میں کبھی کبھی لوگوں کو بتاتا رہتا ہوں کہ اگر گجراتیوں اور راجستھانیوں کو مہاراشٹر سے نکال دیا جائے - خاص طور پر ممبئی اور تھانے سے، تو آپ کے پاس کوئی پیسہ نہیں بچے گا۔

ممبئی: مہاراشٹر کے گورنر بی ایس کوشیاری نے کہا کہ اگر عرس البلاد ممبئی اور اس سے متصلہ تھانے ضلع سے گجراتیوں اور راجستھانیوں کو ہٹا دیا جائےتو ممبئی مالی دارالحکومت نہیں رہے گی اور پیسوں سے خالی ہوجائیگی گورنر کے اس بیان کی چوطرفہ مذمت کی گئی ہے اور اسے ریاست کے مراٹھی باشندوں کی توہین قرار دیا گیا ہے

ممبئی کے مضافات اندھیری میں راجستھانی صنعت کار شانتی دیوی چمپا لال کوٹھاری کے نام سے ایک سڑک کو منسوب کرنے کی جمعہ کی دیر شام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے مارواڑی گجراتی برادری کی سشائش کی اور کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، اس علاقے کی ترقی میں وہ ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں خصوصی طور پر عوامی فلاح کے مختلف کام مثلا اسپتال واسکول کا قیام ان کے مالی تعاون سے عمل میں آتا ہے

میں کبھی کبھی لوگوں کو بتاتا رہتا ہوں کہ اگر گجراتیوں اور راجستھانیوں کو مہاراشٹر سے نکال دیا جائے – خاص طور پر ممبئی اور تھانے سے، تو آپ کے پاس کوئی پیسہ نہیں بچے گا گورنر کوشیاری نے اپنے خطاب میں کہا تھا جسکا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہاہے اور ریاست کی اپوزیشن پارٹیوں نے اسے تنقتید کا نشانہ بنا یا۔

شیوسینا اور کانگریس دونوں نے گورنر کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کیا اور اسے مراٹھی برادری کی توہین قرار دیا۔ شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ جیسے ہی بی جے پی کے زیر نگرانی وزیر اعلیٰ اقتدار میں آتا ہے مراٹھی باشندوں کی توہین کی جاتی ہے۔ سنجے راوت نے ٹویٹ کیا، "وزیراعلی شندے کم از کم گورنر کی مذمت کریں۔ یہ مراٹھی محنتی لوگوں کی توہین ہے۔”

انہوں نے گورنر کا ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ کانگریس لیڈر سچن ساونت نے بھی اس ویڈیو کو ٹویٹ کیا اور کہا کہ مہاراشٹر کے گورنر کی طرف سے مراٹھی لوگوں کی توہین خوفناک ہے۔ نیشلسٹ کانگریس پارٹی نے بھی گورنر کے بیان کی مذمت کی ہے۔