کھیل

ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ: پاکستان فائنل میں داخل

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہندوستان یا انگلینڈ سے ہوگا۔

سڈنی: فارم میں واپسی کرنے والے کپتان بابر اعظم (53) اورمحمد رضوان (57) کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے آج ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 20 اوورز میں 153 رنز کا ہدف دیا جسے بابر کی ٹیم نے پانچ گیندیں باقی رکھ کر حاصل کرلیا۔

بابر اور رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں پہلی بار 50 رنز کا ہندسہ پارکیا۔ بابر نے 42 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ رضوان نے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔

بابر اور رضوان نے پہلی وکٹ کے لئے 105 رنز کی سنچری پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لئے آنے والے باصلاحیت نوجوان بلے باز محمد حارث نے 26 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے جبکہ شان مسعود (03 ناٹ آؤٹ) نے آخری اوور کی پہلی گیند پر فاتح رن بنا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچایا۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہندوستان یا انگلینڈ سے ہوگا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل (ناٹ آؤٹ 53) اور کین ولیمسن کے 46 رنز کی بدولت پاکستان کے سامنے جیت کے لئے153 رنز کا ہدف رکھا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے 49 رنز پر تین وکٹیں جلد گنوائیں جس کے بعد مچل اور ولیمسن نے 68 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا۔

ولیمسن نے 46 رن کی اپنی اننگز میں 42 گیندیں کھیل کر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ مچل جو کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہیرو رہے تھے، نے 35 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ ڈیون کونوے نے 21 (20) رنز بنائے جب کہ جیمز نیشم نے 12 گیندوں میں ناٹ آوٹ 16 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ محمد نواز کو ملی۔