حائیڈرا کی انہدامی کارروائی۔ مادھوپور میں غیر مجاز ڈھانچے منہدم
غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) نے پیر کے روز شہر کے مادھوپور علاقہ میں ایک پارک میں مبینہ طور پر تعمیر کردہ غیر مجاز ڈھانچوں کو گرادیا۔

حیدرآباد: غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) نے پیر کے روز شہر کے مادھوپور علاقہ میں ایک پارک میں مبینہ طور پر تعمیر کردہ غیر مجاز ڈھانچوں کو گرادیا۔
حائیڈرا عہدیداروں نے مادھاپور میں کاویری ہلز پارک میں اسپورٹس اکیڈیمی کے غیر مجاز ڈھانچوں کو منہدم کردیا۔ مادھاپور علاقہ، انفارمیشن تکنالوجی کے کلسٹر میں شامل ہے۔
کاویری ہلز اسوسی ایشن نے اسپورٹس اکیڈیمی کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے حائیڈرا نے ان ڈھانچوں کو زمین دوز کردیا۔ انہدامی کارروائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس مقام پر کاویری ہلز پارک کابورڈ ایستادہ کردیا۔ اسپورٹس اکیڈیمی کے انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ کاویری ہلز اسوسی ایشن نے اسے 25سال کے لئے یہ مقام لیز پر دیا تھا۔
مگر لیز کی مدت ختم ہونے سے قبل مبینہ طور پر اکیڈیمی کے ڈھانچوں کو منہدم کردیا۔ اس طرح یہ اقدام غیر منصفانہ ہے۔ تاہم حائیڈرا کے کمشنر اے وی رنگاناتھ نے کہا تھا کہ عدالتی احکام کے مطابق انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔
اس نئے ادارہ نے پیر کے دن دوسرے روز بھی مسلسل غیر مجاز تعمیرات کے خلاف انہدامی کاروائی انجام دی۔ اتوار کے روز کوکٹ پلی کے نلہ چیروو کی ایف ٹی ایل اور بفرزون کی اراضیات پر تعمیر کردہ کمرشیل غیر مجاز 16شیڈس کو منہدم کردیا۔
ضلع سنگاریڈی کے امین پور منڈل کے کشٹاریڈی پیٹ اور پٹیل گوڑہ میں سرکاری اراضیات پر تعمیر کردہ غیر قانونی ڈھانچوں کو گرادیا گیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ذخائر آب اور سرکاری اراضیات کا تحفظ کرنا ہے۔
کوکٹ پلی میں انہدامی کارروائی کے بعد حکام نے 7ایکڑ اراضی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پٹیل گوڑا میں سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضہ جات ہٹادئیے گئے۔ آر سی سی کے 25ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے بعد 3 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی۔