دیگر ممالک

یوکرینی شہروں پر روس کے اچانک حملے‘ 8 افراد ہلاک

روس نے پیر کے دن کئی یوکرینی شہریوں پر ہلاکت خیز حملے کئے۔ اس نے کیف شہر میں سیویلین اہداف کو نشانہ بنایا جہاں کم ازکم 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

کیف: روس نے پیر کے دن کئی یوکرینی شہریوں پر ہلاکت خیز حملے کئے۔ اس نے کیف شہر میں سیویلین اہداف کو نشانہ بنایا جہاں کم ازکم 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

ماسکو نے فوجی کارروائی اچانک تیز کردی۔ بڑے شہروں میں کئی رہائشی علاقے اور اہم انفرااسٹرکچر نشانہ بنے۔ یوکرین جنگ کے 8 ماہ مکمل ہونے والے ہیں اور کریملن کو یوکرین کے علاقے ضم کرنے میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کیف شہر کے مرکز میں دھماکے ہوئے۔ یہاں کئی سرکاری دفاتر واقع ہیں۔ ایک گلاس ٹاور کو جس میں کئی دفاتر ہیں‘ بڑا نقصان پہنچا۔ اس عمارت کی بیشتر کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جن میں بلو ٹینٹیڈ شیشے لگے تھے۔ سڑکوں پر کئی شہری زخمی دکھائی دیئے۔ کئی کاریں بھی پوری طرح تباہ ہوگئیں۔

یوکرین بھر میں اورشہر کیف میں فضائی حملوں کے سائرن بار بر بجتے رہے۔ یوکرینی صدر زیلسنکی نے کہا کہ روسی فورسس نے ان کے ملک کے خلاف کئی مزائل حملے کئے اور ایرانی ساختہ ڈرونس کا استعمال کیا۔

یوکرینی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا کہ یوکرینی اہداف کے خلاف 75 مزائل فائر کئے گئے جن میں 41کو یوکرینی ایرڈیفنس نے ناکارہ کردیا۔ زیلنسکی نے ویڈیو خطاب میں کہا کہ روسیوں نے حملوں کے لئے ایسے وقت کا انتخاب کیا جس میں زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہو۔

صبح کے وقت حملوں کی وجہ سے کیف کے شہریوں کو پچھلے کئی ماہ میں پہلی مرتبہ بم شیلٹرس میں پناہ لینی پڑی۔ شہر کے سب وے سسٹم نے ٹرین سرویسس بند کردیں۔ اس نے اسٹیشنس کو پھر ایک مرتبہ بم شیلٹرس میں تبدیل کردیا۔ شہر کیف اور دیگر علاقوں میں کئی ماہ سے سکون تھا۔ شہری معمول کی زندگی گزارنے لگے تھے۔ صبح ایسے وقت حملہ ہوا جب ٹریفک زیادہ ہوتی ہے۔