قومی

ٹاملناڈو بھگدڑ، مہلوکین کی تعداد 40ہوگئی۔ ایکس گریشیا کا اعلان

سرکاری دواخانہ میں ایک شخص کے موت کے ساتھ ہی کل کی بھگدڑ میں مرنے والوں کی تعداد 40 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

کارور(ٹاملناڈو) (پی ٹی آئی/آئی اے این ایس) سرکاری دواخانہ میں ایک شخص کے موت کے ساتھ ہی کل کی بھگدڑ میں مرنے والوں کی تعداد 40 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

اداکار سے سیاستداں بنے وجئے کی ٹی وی کے پارٹی نے مدراس ہائی کورٹ کی مدورائی بنچ سے رجوع ہوکر گزارش کی ہے کہ کارور بھگدڑ کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری نرمل کمار نے سازش کا الزام نہیں لگایا لیکن میڈیا نمائندوں سے کہا کہ ان کی پارٹی آزادانہ تحقیقات چاہتی ہے۔

جج نے آمادگی ظاہر کی کہ کل 2:15 بجے دن کیس کی سماعت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کے بعد اپنا بیان دیں گے۔ قبل ازیں ٹاملناڈو کے معتمد صحت پی سینتھل کمار نے کہا کہ 39اموات ہوئیں اور 67 افراد زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں 17 عورتیں، 13مرد، 4بچے اور 5بچیاں شامل ہیں۔ 30 لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثہ کو سونپ دی گئیں۔ انہوں نے سرکاری دواخانہ کے دورہ کے بعد کہا کہ 26 افراد کا علاج او پی ڈی میں ہوا اور انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

67اِن پیشنٹس میں 2 کی حالت نازک ہے۔ ایک مریض کو مزید علاج کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل مدورائی بھیج دیا گیا۔ آئی اے این ایس کے بموجب ایکٹر سے سیاستداں بنے اور ٹاملگا ویٹری کڈگم (ٹی وی کے) پارٹی کے صدر وجئے نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ کارور میں کل کی بھگدڑ میں مرنے والوں کے خاندانوں کو فی کس 20لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2لاکھ روپے بطور ایکس گریشیاء ملیں گے۔ وجئے کی زوردار انتخابی مہم کے دوران بھگدڑ مچی تھی۔ وجئے نے ایکس پر پوسٹ میں جذباتی بیان جاری کیا کہ ان کے دل و دماغ پر بھاری بوجھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ الفاظ تسلی دینے کیلئے کافی نہیں لیکن میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہر غمزدہ کنبہ کو 20 لاکھ روپے اور ہر زیرعلاج زخمی کو 2لاکھ روپے دئے جائیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کی پارٹی زخمیوں کی ہر ضروری مدد کرے گی۔ کہا جاتا ہے کہ شدت کی گرمی میں لوگوں نے گھنٹوں وجئے کی آمد کا انتظار کیا۔ تنگ سڑکوں پر ہزاروں لوگ جمع تھے۔

لائٹ چلی گئی اور لوگ یاتو کچلے گئے یا ان کا دم گھٹ گیا۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں کی ایمبولنس گاڑیاں پہنچنے لگیں لیکن ان کے پہنچنے سے قبل کئی لوگوں کی جان جاچکی تھی۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کل رات ہی کارور پہنچ گئے۔ انہوں نے دواخانہ کے واٹس میں جاکر زخمیوں اور غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست کی تاریخ میں کسی سیاسی جلسہ میں اتنی جانیں پہلے کبھی نہیں گئیں۔

انہوں نے جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا۔ ہائی کورٹ کی ریٹائرڈ جج جسٹس اروناجگدیشن تحقیقات کریں گی کہ چوک کہاں ہوئی۔ چیف منسٹر اسٹالن نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے ورثہ کو فی کس 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ قائد اپوزیشن ای کے پلانی سوامی بھی کارور پہنچے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جلسوں کیلئے سخت سیفٹی پروٹوکول لاگو کیا جائے۔