مشرق وسطیٰ

تہران جل جائے گا، اسرائیلی وزیر دفاع کی وارننگ

اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی دشمنی کے بیچ ہفتہ کے دن اسرائیل میں رہائشی عمارتوں پر راست مزائل حملہ میں کم ازکم 2 افراد ہلاک اور دیگر 34 زخمی ہوگئے۔

تل ابیب (آئی اے این ایس) اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی دشمنی کے بیچ ہفتہ کے دن اسرائیل میں رہائشی عمارتوں پر راست مزائل حملہ میں کم ازکم 2 افراد ہلاک اور دیگر 34 زخمی ہوگئے۔

ایمرجنسی میڈیکل سروس ایم ڈی اے نے ہلاکتوں کی توثیق کی ہے۔ ایران نے اسرائیل پر بیالسٹک مزائلس کی بوچھار کردی۔ ایم ڈی اے کے بموجب ایرانی حملوں سے بھاری نقصان پہنچا۔ میڈیکل ٹیمیں لوگوں کی جان بچانے کے لئے سرگرم ہیں۔ زخمیوں کو قریبی دواخانہ لے جایا گیا۔

ایم ڈی اے نے یہ بھی بتایا کہ بے چینی کے شکار کئی افراد کا بھی تخلیہ کرایا گیا۔ آئی ڈی ایف ہوم فرنٹ کمانڈ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بم شیلٹرس سے باہر جاسکتے ہیں لیکن انہیں ان شیلٹرس کے قریب ہی رہنا چاہئے۔ اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن بج رہے ہیں اور ایمرجنسی الرٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے بموجب اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی طرف مزائل داغنے کا سلسلہ جاری رہا تو ”تہران جل جائے گا“۔ انہوں نے ایران کے جوابی حملہ کے بعد یہ بات کہی۔ کاٹز نے آئی ڈی ایف سربراہ‘ موساد کے ڈائرکٹر اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے ساتھ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ ایرانی آمر ایرانی شہریوں کو یرغمال بنارہا ہے۔

وہ ایسی صورتِ حال پیدا کررہا ہے جس میں تہران کے شہریوں کو اسرائیلی شہریوں پر مجرمانہ حملہ کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ خامنہ ای نے اگر اسرائیل کی طرف مزائل فائرنگ جاری رکھی تو تہران جل اٹھے گا۔ اسرائیل نے تاحال اپنے حملے نیوکلیر اور فوجی تنصیبات تک محدود رکھے ہیں۔

آئی ڈی ایف نے کہا کہ ایران نے کل رات سے اسرائیل کی طرف کوئی 200 بیالسٹک مزائل داغے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کو ناکارہ کردیا گیا۔ 25 فیصد مزائلس کو روکا نہیں جاسکا۔ چند مزائلس نے ایرڈیفنس سسٹم کو پار کیا اور تل ابیب کے بشمول دیگر شہروں کے رہائشی علاقوں میں نقصان پہنچایا۔

کچھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ 3 اسرائیلی ہلاک اور 70 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس کے تمام اڈے حسب ِ معمول کام کررہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ کے لڑاکا طیارے تہران پر حملے کریں گے۔