پارٹی انحراف معاملہ،اسپیکر تلنگانہ اسمبلی نے سماعت موخر کردی
عدالتی احکامات کے بعد اسپیکر جی پرساد کمار نے منحرف ارکان اسمبلی کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے ان کی انفرادی طور پر سماعت شروع کی تھی تاہم اطلاعات کے مطابق، آج اور کل طے شدہ سماعت کو اسپیکر نے مؤخر کر دیا ہے۔ اب یہ سماعت 14 اور 15 نومبر کو ہونے کی توقع ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں پارٹی انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کی نااہلی کے معاملہ پر ریاست بھر میں بے چینی کے درمیان اسپیکر کی جانب سے جاری سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔
ریاست کی اصل اپوزیشن بی آرایس کے قائدین نے پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے ریاست کی حکمران جماعت کانگریس میں شامل ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی اسپیکر کوہدایت دینے کی خواہش کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی تھی۔عدالت عظمی نے اندرون تین ماہ اس معاملہ پر سماعت مکمل کرنے کی اسپیکر کوہدایت دی تھی۔
عدالتی احکامات کے بعد اسپیکر جی پرساد کمار نے منحرف ارکان اسمبلی کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے ان کی انفرادی طور پر سماعت شروع کی تھی تاہم اطلاعات کے مطابق، آج اور کل طے شدہ سماعت کو اسپیکر نے مؤخر کر دیا ہے۔ اب یہ سماعت 14 اور 15 نومبر کو ہونے کی توقع ہے۔
شیڈول کے مطابق آج ٹی وینکٹ راؤ اور سنجے کی درخواستوں پر دوسری بار سماعت ہونے والی تھی جبکہ 13 نومبرکو پوچارم سرینواس ریڈی اور اے گاندھی کی درخواستوں کی سماعت مقرر تھی جو اب ملتوی کردی گئی ہے۔
ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے تین ماہ کے اندر کارروائی مکمل کرنے کے واضح احکامات کے باوجود اسپیکر کی جانب سے پیش رفت نہ ہونے پر بی آر ایس قائدین، اسپیکر پر توہینِ عدالت کا الزام عائد کرتے ہوئے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے جس پر عدالت نے اس درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرلیا ہے۔
دوسری جانب، اسپیکر نے بھی نااہلی کے معاملہ کی سماعت کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کے ساتھ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے اسپیکر کی اس درخواست پر بھی سماعت 14 نومبر کو مقرر کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسپیکر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت آئندہ پیرکو ہوگی۔