اسمبلی سیشن کا کل سے دوبارہ آغاز
تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا سیشن جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا۔ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد اسمبلی کے پہلے سیشن کا آغاز 9دسمبر سے ہوا تھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا سیشن جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا۔ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد اسمبلی کے پہلے سیشن کا آغاز 9دسمبر سے ہوا تھا۔
پہلے دن نومنتخب ارکان اسمبلی کی بہت بڑی تعداد نے حلف لیا تھا۔ جمعرات کے روز اسمبلی سیشن کے دوران نئے اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
عہدہ اسپیکر کیلئے کانگریس امیدوار ورکن اسمبلی وقار آباد گڈم پرساد کمار نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نئے اسپیکر کے انتخاب تک مجلس کے اکبر الدین اویسی، عبوری اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے۔
نئے اسپیکر کے انتخاب کے بعد بی اے سی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اسمبلی سیشن کے دورانیہ کو قطعیت دی جائے گی۔
ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن 15 دسمبر کو اسمبلی و کونسل کے ارکان سے مشترکہ خطاب کریں گی۔ دوسرے دن اسمبلی اور کونسل میں گورنر کے خطبہ پر اظہار تشکر تحریک پیش کی جائے گی اور مباحث ہوں گے۔