سرکردہ فٹبالرلیونل میسی کے دورہ حیدرآباد سے قبل وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی کی فٹ بال پریکٹس
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے دو سالہ عوامی حکومت کے جشن پر سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس کے بعد ایم سی ایچ آر ڈی پہنچ کر ایک گھنٹے تک فٹ بال کی پریکٹس کی۔ میسی اور ریونت ریدی کے درمیان ہونے والے دوستانہ فٹبال میچ کا آغاز دونوں کے اپنے مخصوص جرسی نمبروں 10 اور 9 کے ساتھ ہوگا۔
حیدرآباد: فٹ بال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی اس ماہ کی 13 تاریخ کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ میسی حیدرآباد پہنچ کر اپل اسٹیڈیم میں ایک دوستانہ نمائشی میچ میں حصہ لیں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس میچ میں میسی کے ساتھ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی کھیلیں گے۔ میسی کے ساتھ میچ کی تیاری کے لئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے گزشتہ رات فٹ بال کی پریکٹس کی۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے دو سالہ عوامی حکومت کے جشن پر سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس کے بعد ایم سی ایچ آر ڈی پہنچ کر ایک گھنٹے تک فٹ بال کی پریکٹس کی۔ میسی اور ریونت ریدی کے درمیان ہونے والے دوستانہ فٹبال میچ کا آغاز دونوں کے اپنے مخصوص جرسی نمبروں 10 اور 9 کے ساتھ ہوگا۔
ایک عہدیدار کے مطابق دونوں ٹیموں میں اکیڈمیوں اور سوشل ویلفیئر رہائشی اسکولوں سے منتخب نوجوان فٹبالرس شامل ہوں گے۔ شائقین کو اس میچ میں میسی کی مشہور ڈرِبلنگ اور بال پر اُس کے شاندار کنٹرول کی جھلک دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔
اگرچہ میسی اور ریونت دونوں پورا میچ نہیں کھیلیں گے لیکن یہ توقع ہے کہ باقاعدہ پروگراموں سے پہلے دونوں پنالٹی شوٹس لگائیں گے۔ ریونت ریدی خود بھی فٹبال کے شوقین ہیں اور اکثر اسکول کے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے سیاسی حریفوں کو بھی کئی بار فٹبال میچ کے چیلنج دیئے ہیں۔
ریونت کا ماننا ہے کہ میسی کی حیدرآباد آمد سے تلنگانہ کی عالمی سطح پر شناخت میں اضافہ ہوگا اور شہر کو کھیل، ثقافت اور معاشی سرگرمیوں کے ایک بڑے مرکز کے طور پر پیش کیا جا سکے گا۔ ریاستی حکومت پہلے ہی اسپورٹس یونیورسٹی قائم کر رہی ہے اور کھیلوں کے انفراسٹرکچر میں بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
ریونت نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ اگر بھارت 2036 اولمپکس کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرتا ہے تو چند کھیلوں کی میزبانی حیدرآباد کو دی جائے۔ اسی کے ساتھ حکومت ”تلنگانہ رائزنگ 2047“ کے عالمی سفیر بننے کی بھی میسی سے درخواست کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ وہ کھیل، سیاحت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے ترقیاتی پروگراموں کے ذریعہ ریاست کو دنیا بھر میں متعارف کرا سکیں۔
وزیراعلیٰ ریونت ریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا”میں حیدرآباد میں 13 دسمبر کو فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کا استقبال کرنے کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔ یہ ہمارے شہر اور اُن تمام فٹبال شائقین کے لئے ایک یادگار لمحہ ہے جنہوں نے کبھی سوچا تھا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی کو اپنی سرزمین پر دیکھیں گے۔
حیدرآباد اُن کا بھرپور گرمجوشی اور فخر کے ساتھ استقبال کرے گا۔“ میسی کے ہندوستان کے دورہ میں حیدرآباد شامل نہیں تھا لیکن کوچی میں مجوزہ دوستانہ میچ منسوخ ہونے کے بعد اس شہر کو شامل کیا گیا۔
ان کا دورہ ہند 13 دسمبر کو کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم سے شروع ہوگا، جہاں وہ 2011 میں وینزویلا کے خلاف دوستانہ مقابلہ کے دوران بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ اسی شام حیدرآباد پہنچیں گے، 14 دسمبر کو ممبئی اور 15 دسمبر کو نئی دہلی جائیں گے، جہاں مزید میچوں میں شرکت کا امکان ہے۔