تلنگانہ: لڑکیوں کو بااختیا ربنانے کا عزم۔ خاتون کلکٹرنے تلگوگیت گایا
اس تقریب کا اہتمام محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی جانب سے کیا گیا تھا، جس کا مرکزی موضوع صلاحیت کے ذریعہ بااختیاری تھا۔ کلکٹر نے کہا کہ لڑکی کی اصل طاقت اس کی ذہانت، اعتماد اور قابلیت میں پوشیدہ ہے۔
حیدرآباد: لڑکیوں کی فلاح و بہبود اوران کو بااختیاربنانے کے اپنے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، ضلع کلکٹر کریم نگر پمیلاست پتی نے تلگوگیت گایا۔
او چننا پچوکا… چناری پچوکا (اے ننھی چڑیا… پیاری چڑیا)گیت نہ صرف انہوں نے گایا بلکہ اس کو ریلیز بھی کیا۔ یہ تقریب کلکٹریٹ آڈیٹوریم، کریم نگر میں ہوئی۔
کلکٹر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو ہمدردی نہیں بلکہ اپنی محنت، قابلیت اور ہنر کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تعلیم ہی اصل بااختیاری کی بنیاد ہے اور لڑکیوں کو چاہئے کہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں اور ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ مقابلہ کریں۔
یہ گیت ہندی کے مشہور نغمہ نگار سوانند کرکیری کے اصل گانے کا تلگوترجمہ ہے، جسے نندی سرینواس نے کیا ہے۔ اس نغمہ کا مقصد کمسن لڑکیوں میں حوصلہ، عزم اور خوداعتمادی پیدا کرنا ہے۔ گیت کی ویڈیو کو ریلیز کرنے کی تقریب کے دوران طالبات نے رقص کا مظاہرہ بھی کیا۔
اس تقریب کا اہتمام محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی جانب سے کیا گیا تھا، جس کا مرکزی موضوع صلاحیت کے ذریعہ بااختیاری تھا۔ کلکٹر نے کہا کہ لڑکی کی اصل طاقت اس کی ذہانت، اعتماد اور قابلیت میں پوشیدہ ہے۔
اسی جذبہ کے تحت انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی مقابلہ مس کریم نگرکا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء کی معلومات،ہنر اور صلاحیتوں کی بنیاد پر جانچ کی گئی، نہ کہ ظاہری شکل و صورت پر۔ مختلف اسکولوں اور کالجوں کی فاتح اور رنر اَپ طالبات کو کلکٹر نے انعامات سے نوازا۔