تلنگانہ
ٹرینڈنگ

تلنگانہ ایگزٹ پولس: مختلف ایجنسیوں کے مختلف اعداد و شمار، جانئے تفصیلات…..

تلنگانہ انتخابات کی رائے دہی کا جیسے ہی اختتام عمل میں آیا، مختلف ٹی وی نیوز چینلوں اور سروے ایجنسیوں کی طرف سے ایگزٹ پولس کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ انتخابات کی رائے دہی کا جیسے ہی اختتام عمل میں آیا، مختلف ٹی وی نیوز چینلوں اور سروے ایجنسیوں کی طرف سے ایگزٹ پولس کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔

تلنگانہ میں جیسے ہی انتخابی موسم شروع ہوا تو کانگریس پارٹی ریاست میں اقتدار کی سب سے بڑی دعویدار کے طور پر سامنے ابھر کر آئی جبکہ بی آر ایس نے اپنی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے بل بوتے پر عوام کا سامنا کرتے ہوئے دوبارہ خط اعتماد طلب کیا۔

آج رائے دہی کے اختتام کے بعد سی این این کے جاری کردہ ایگزٹ پول میں اگرچہ معلق اسمبلی کی پیش قیاسی کی گئی ہے، تاہم کسی بھی دوسرے نیوز چینل یا سروے ایجنسی نے معلق اسمبلی کی بات نہیں کہی بلکہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر مشتمل اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔

سی این این نے کانگریس پارٹی کو واحد بڑی جماعت بتاتے ہوئے اسے 56 نشستوں پر کامیاب دکھایا جبکہ بی آر ایس کو 48 سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی۔ اس طرح کانگریس پارٹی واحد بڑی جماعت بننے کے باوجود حکومت تشکیل دینے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

سی این این ایگزٹ پول کے برعکس دیگر سروے رپورٹس اور ایگزٹس پولس میں کانگریس پارٹی کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ سی این این۔ نیوز 18 نے اپنے ایگزٹ پول میں کانگریس پارٹی کو 65تا 68 نشستوں پر کامیاب دکھایا ہے جبکہ بی آر ایس کو 34 تا40، بی جے پی کو 7 تا10 اور دیگر کو 7 تا9 نشستوں پر کامیاب بتایا ہے۔

اسی طرح جن کی بات ایگزٹ پول میں کانگریس پارٹی کو 48تا64 نشستوں، بی آر ایس 40 تا55 نشستوں، بی جے پی کو 7 تا13 نشستوں اور دیگر کو4 تا7 نشستوں پر کامیاب بنایا ہے۔ آرا سروے میں کانگریس پارٹی کو 58تا67 نشستیں، بی آر ایس کو 41 تا49 نشستیں، بی جے پی کو 5تا7 نشستیں اور دیگر کو 7 تا9 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

پیپلزپلس نے اپنے ایگزٹ پول میں کانگریس پارٹی کو 62 تا72 نشستوں پر کامیاب دکھایا ہے جبکہ بی آر ایس کو 35 تا46، بی جے پی کو 3 تا 8 اور دیگر کو 7 تا9نشستوں پر کامیاب بتایا گیا ہے۔ اسی طرح چانکیااسٹراٹیجز نے کانگریس پارٹی کو 67 تا78، بی آر ایس کو 22 تا31، بی جے پی کو 6 تا9 اور دیگر کو 6 تا7 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔

ٹائمز ناو نے اپنے ایگزٹ پول میں بی آر ایس کو کامیاب بتایا ہے۔ اس نے گلابی جماعت کو 66، کانگریس پارٹی کو 37، بی جے پی کو 7 اور دیگر کو 9 نشستوں پر کامیاب قرار دیا ہے۔ اسی طرح 10 ٹی وی نے بھی بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب دکھایا ہے۔

اس نے کے سی آر کی جماعت کو 68نشستیں، کانگریس 38، بی جے پی کو 5 اور مجلس کو 7 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ سی پی ایس سروے ایجنسی نے بھی بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بتایا ہے۔ اس نے تلنگانہ میں برسراقتدار جماعت کو 72 نشستوں پر کامیاب بتایا ہے جبکہ کانگریس کو صرف 36 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔

a3w
a3w