تلنگانہ: انٹرمیڈیٹ کالجس میں طلبہ کی غیرحاضری پرنگرانی کیلئے چہرہ شناسی ایپ متعارف
تلنگانہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ میں سرکاری تعلیم کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ کالجوں میں سی سی کیمروں کی تنصیب کے بعد اب طلبہء کی غیرحاضری پر نگرانی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ طلباء کی حاضری بڑھائی جا سکے اور امتحانات میں اچھے نتائج حاصل ہوں۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ میں سرکاری تعلیم کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ کالجوں میں سی سی کیمروں کی تنصیب کے بعد اب طلبہء کی غیرحاضری پر نگرانی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ طلباء کی حاضری بڑھائی جا سکے اور امتحانات میں اچھے نتائج حاصل ہوں۔
اس مقصد کے لئے ٹی جی بی آئی ای ایف آر ایس نامی ایپ تیار کی گئی ہے جو چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری درج کرے گا۔عادل آباد ضلع میں 11 سرکاری جونیئر کالج ہیں جہاں انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں پچھلے تین سالوں سے پچھڑ جانے کی شکایت ہے۔
حکومت کا خیال ہے کہ طلبہ کی روزانہ کالج میں حاضری سے پڑھائی بہتر ہوگی، اس لئے ایپ کے ذریعہ صبح اور شام دو بار حاضری لی جائے گی۔رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اگر کوئی طالب علم غیر حاضر ہوتا ہے تو اس کی اطلاع اس کے والدین کو موبائل فون پر بھیجی جائے گی۔
پرنسپل، ڈی آئی ای او اور ریاستی عہدیدار اس نگرانی کا جائزہ لیں گے۔ اگر کوئی طالب علم مسلسل چار یا پانچ دن کالج نہ آئے تو والدین سے رابطہ کیا جائے گا اور اگر ایک ہفتے تک غیر حاضر رہا تو والدین کو کالج بلا کر وضاحت لینی ہوگی۔
رجسٹریشن کے لئے کالجوں کے پرنسپل اور اساتذہ کو تربیت دی گئی ہے کہ وہ گوگل پلے اسٹور سے ایپ انسٹال کر کے لاگ ان کریں، جس کے بعد ہر دن کے طلبہ کی تفصیل نظر آئے گی اور چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری مکمل ہوگی۔
آصف آباد ضلع کی ڈی آئی ای او کلانی نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری کا نظام شروع کیا ہے تاکہ طلبہ کالج میں باقاعدگی سے آئیں اور امتحانات میں بہتر نتائج حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کالجوں میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور غیر حاضر طلبہ کی اطلاع والدین تک پہنچائی جائے گی۔