تلنگانہ: گروکل اسکولوں میں فوڈ پوائزننگ کے واقعات،مداخلت کرنے حکومت سے ہریش راو کی اپیل
ایک بیان میں ہریش راؤ نے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو ان رہائشی فلاحی تعلیمی اداروں کی مسلسل ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامی غفلت اور نگرانی کے فقدان کی وجہ سے یہ ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں گروکل اسکولوں میں بار بار پیش آنے والے فوڈ پوائزننگ کے واقعات پر سابق وزیر اور بی آر ایس کے سینئر ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت اور سرکاری رہائشی اسکولوں میں طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔
ایک بیان میں ہریش راؤ نے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو ان رہائشی فلاحی تعلیمی اداروں کی مسلسل ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامی غفلت اور نگرانی کے فقدان کی وجہ سے یہ ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
ہریش راؤ نے کہا کہ دلت، قبائلی، پسماندہ طبقات اور اقلیتی طلبہ جو ان اسکولوں پر انحصار کرتے ہیں، کانگریس حکومت کی نااہلی کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ریونت ریڈی جو گروکل اسکولوں کی ذاتی نگرانی کا وعدہ کرتے تھے، آج دہلی کے دوروں میں مصروف ہیں، جبکہ ریاست میں طلبہ مسائل کا شکار ہیں۔‘‘
ہریش راؤ نے الزام بھی عائد کیا کہ گزشتہ 20 ماہ کے دوران گروکل اسکولوں میں سانپ کے کاٹنے، خودکشیوں اور فوڈ پوائزننگ کے واقعات کی وجہ سے 100 سے زائد طلبہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔