کانگریس کے اقتدار میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب مختلف رہیں گی
تلنگانہ کا 10واں یوم تاسیس اس بار پہلے سے مختلف رہے گا۔ حکمراں جماعت کانگریس اور اپوزیشن بی آر ایس میں یوم تاسیس تقاریب منانے میں مسابقت دیکھی جارہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کا 10واں یوم تاسیس اس بار پہلے سے مختلف رہے گا۔ حکمراں جماعت کانگریس اور اپوزیشن بی آر ایس میں یوم تاسیس تقاریب منانے میں مسابقت دیکھی جارہی ہے۔
بی آر ایس کی اقتدار سے محرومی اور کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد 2 جون کو منعقدشدنی یہ پہلا یوم تاسیس رہے گا۔ کانگریس نے یوم تاسیس تقاریب کو تزک واحتشام کے ساتھ منانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ حکمراں جماعت نے مرکزی تقریب میں کانگریس قائدسونیا گاندھی کو مدعو کیا ہے۔
بی آر ایس بھی اپنے طور پر یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اہتمام کرنے جارہی ہے۔ آج سے10سال قبل 2جون (2014) میں تلنگانہ کے قیام کے بعد سے بی آر ایس اور کانگریس، دونوں علیحدہ ریاست کے قیام کا سہرا اپنے سر باندھ رہی ہیں۔
ایک طرف کانگریس یہ دعویٰ کررہی ہے کہ ہم یو پی اے کو تلنگانہ کے قیام کی تقاریب میں مدعو کررہے ہیں جبکہ ٹی آر ایس (بی آر ایس) یہ چاہتی ہے کہ علیحدہ تلنگانہ کے قیام کا سہرا اپنے قائد کے چندر شیکھر راؤ کے سرباندھا جائے۔ کے سی آر نے نئی ریاست کی تشکیل کیلئے طویل تحریک چلائی تھی۔ ان کی اس تحریک کے سبب ہی کانگریس کی زیر قیادت اُس وقت کی یو پی اے حکومت، تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے مجبو ہوئی تھی۔
تلنگانہ کی رسمی تشکیل سے چند ماہ قبل2014میں منعقدہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ٹی آ رایس نے خود کو تلنگانہ کی حقیقی چمپئن قرار دینے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس پارٹی نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ٹی آر ایس حقیقی واحد جماعت ہے جو تلنگاہ کی ترقی وبہبود کو یقینی بناسکتی ہے۔
2018 کے الیکشن میں دوبارہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے کے سی آر کی پارٹی ٹی آر ایس نے پہلے سے زیادہ اپنا موقف مستحکم بنالیا تاہم نومبر2023 کے اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست اور کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد حکمراں جماعت کو تشکیل تلنگانہ کا دعویٰ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت اس موقع کو بہتر طور پر استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ 2014 کے بعد سے منعقدہ ہر الیکشن میں کانگریس، سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی ماں کے طور پر پیش کرتی رہی ہے۔ سونیا نے ہی تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبات کی تکمیل کرتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ دیا ہے۔
اسمبلی انتخابات کے دوران چیف منسٹر اور کانگریس قائدین نے عوام پر زور دیا تھا کہ وہ علیحدہ تلنگانہ تشکیل دینے پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکرکیلئے کانگریس کو اقتدار عطا کریں۔ بی آر ایس قائدین، گن پارک کے شہیداں تلنگانہ یادگار سے امرجیوتی یادگار تک کینڈل لائٹ ریالی کا اہتمام کریں گے۔
پارٹی کی مرکزی تقریب 2جون کو تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگی۔جہاں پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو مرکزی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ مگر پریڈ گراونڈ س پر منعقدشدنی تقریب میں کے سی آر کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔