شمالی بھارت

بی جے پی کے جھوٹ اور اگزٹ پولس سے چوکنا رہیں، زعفرانی جماعت دھاندلیاں کرسکتی ہے: اکھلیش

سماج وادی کے صدر اکھلیش یادو نے آج اپنی پارٹی کے کارکنوں، اُمیدواروں اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ بی جے پی اور اِس کے اگزٹ پولس کے جھوٹ سے چوکس رہیں۔

لکھنؤ ۔ (یوپی) : سماج وادی کے صدر اکھلیش یادو نے آج اپنی پارٹی کے کارکنوں، اُمیدواروں اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ بی جے پی اور اِس کے اگزٹ پولس کے جھوٹ سے چوکس رہیں۔

متعلقہ خبریں
انڈیا بلاک کا اتحاد ہریانہ میں نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے: اکھلیش
محبت سے محروم لوگ، سرخ رنگ سے چڑتے ہیں، یوگی آدتیہ ناتھ پر اکھلیش یادو کا طنز
سنبھل فساد عدالتی کمیشن کا کل دورہ
بہرائچ تشدد، فوری کارروائی کی جائے: پرینکا گاندھی
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار

یادو نے ایکس پر اپنی ایک اپیل میں لکھا کہ آج میں آپ سب سے ایک اہم اپیل کررہا ہوں۔ آپ سب کو کل ووٹنگ کے دوران پوری طرح چوکس اور محتاط رہنا ہوگا اور ووٹنگ کے بعد آنے والے دنوں میں بھی۔

جب تک کہ ووٹوں کی گنتی مکمل نہیں ہوجاتی اور آپ کو جیت کا سرٹیفکیٹ نہیں مل جاتا بی جے پی کی جانب سے گمراہ نہ ہوں۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ میں یکم / جون کو صبح 7 تا شام 6 بجے کے دوران اترپردیش کے 13 لوک سبھا حلقوں میں پولنگ ہوگی۔

یادو نے مزید کہا کہ بی جے پی ہفتہ کو پولنگ ختم ہوتے ہی جھوٹ پھیلانا شروع کردے گی۔ میں آپ سے یہ اپیل اِس لئے بھی کررہا ہوں، کیوں کہ کل شام انتخابات ختم ہوجائیں گے، وہ لوگ (بی جے پی والے) اپنی میڈیا منڈلی والوں کو بلالیں گے اور مختلف چینلوں پر یہ کہنا شروع کریں گے کہ بی جے پی کو 300 نشستوں کی سبقت حاصل ہے حالانکہ یہ پوری طرح جھوٹ ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں کو انتباہ دیا کہ وہ ایسے کسی دعویٰ پر بھروسہ نہ کریں اور الزام لگایا کہ بی جے پی گنتی میں دھاندلیاں کرسکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں آپ کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوگا کہ دو تین دن جھوٹ بولنے سے بی جے پی کو کیا حاصل ہوگا جب کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے والی ہے۔

اِس کا جواب یہ ہے کہ بی جے پی ایسی جھوٹی باتیں پھیلاتے ہوئے آپ سب کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے تاکہ آپ کی دلچسپی اور جوش و خروش گھٹ جائے اور آپ لوگ ووٹوں کے گنتی کے دن چوکس اور فعال نہ رہیں۔ اِس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے بی جے پی بعض بدعنوان عہدیداروں کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے گنتی میں دھاندلی کرسکتی ہے

۔ یادو نے ورکرس کو چندی گڑھ کے میئر کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں بی جے پی کے جو ارکان عدالت کی جانب سے نصب کئے گئے کیمروں کے سامنے چندی گڑھ میئر الیکشن میں دھاندلی کرنے کی ہمت رکھتے ہیں، وہ الیکشن جیتنے کے لئے کوئی بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہمیں چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ لوگوں سے خصوصی اپیل کی جارہی ہے کہ آپ بی جے پی کی اگزٹ پول سے متاثر نہ ہوں اور مکمل طور پر چوکس رہیں۔

اپنے اعتماد کو برقرار رکھیں اور مضبوطی سے کھڑے رہیں۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی اور انڈیا بلاک کے اتحادی شراکت داری یوپی میں 62 نشستوں پر مقابلہ کررہے ہیں۔ دوسری جانب کانگریس نے 17 نشستوں پر اپنے اُمیدوار کھڑے کئے جب کہ ایک سیٹ (بھدوہی) پر آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے اپنا اُمیدوار کھڑا کیا ہے۔