تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما کی حیدرآباد میں منعقد منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت
یہ پروگرام ’’ایک بھارت شریشٹھا بھارت‘‘ مہم کے تحت منعقد کیا گیا،
تلنگانہ کے گورنر شری جشنو دیو ورما نے لوک بھون، حیدرآباد میں منعقد منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کے یومِ تاسیس کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
یہ پروگرام ’’ایک بھارت شریشٹھا بھارت‘‘ مہم کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ملک کے مختلف خطوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی ربط کو فروغ دینا ہے۔
اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور ہندوستان کی ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور روایتی اقدار کا ذکر کرتے ہوئے ان ریاستوں کو قومی و بین الاقوامی سیاحت کے لیے نمایاں مقام قرار دیا۔
گورنر نے شمال مشرقی ریاستوں کو نارتھ ایسٹرن ایریاز (ری آرگنائزیشن) ایکٹ، 1971 کے تحت مکمل ریاستی درجہ حاصل ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان ریاستوں کے عوام کی استقامت اور ترقی کے سفر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ہمیشہ سے تمام ریاستوں اور ثقافتوں کے لیے ایک خوش آمدید کہنے والا شہر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حال ہی میں منعقدہ تلنگانہ نارتھ ایسٹ کنیکٹ ٹیکنو-کلچرل فیسٹیول کا بھی حوالہ دیا، جس کے ذریعے ریاستوں کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی روابط کو فروغ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات ہماری اس مشترکہ وابستگی کی تجدید کرتی ہیں کہ ہم اتحاد میں تنوع، پائیدار ترقی اور ثقافتی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ملک کے ہر خطے کی مساوی ترقی کے لیے کام کریں۔
پروگرام کے دوران منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کے معزز گورنرشری اجے کمار بھلا، شری سی ایچ وجے شنکر اور شری اندراسینا ریڈی نلّوکے ویڈیو پیغامات بھی نشر کیے گئے۔ تینوں ریاستوں کے نمائندوں نے اپنی اپنی ریاستوں کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
تقریبات میں رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے، جن میں رابندر ناتھ ٹیگور کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تریپورہ کی پیشکش ’’تمارو آشیمی‘‘ اور چترانگدا رقص، منی پوری روایتی رقص اور میگھالیہ کے خاصی لوک گیت شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر کے خصوصی چیف سکریٹری شری ایم دانا کشور (آئی اے ایس)، اسپورٹس اتھارٹی آف تلنگانہ اسٹیٹ کی وائس چیئرپرسن و منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ سونی بالا دیوی (آئی ایف ایس)، سابق ڈی جی پی شری گوتم ساونگ، ڈاکٹر چرنجیت گھوش (تریپورہ) اور تینوں شمال مشرقی ریاستوں کے معزز مہمان، افسران اور عملہ موجود تھا۔