تلنگانہ حکومت، گاندھیائی اصولوں پر عمل کرکے ترقی کی سمت گامزن: کے سی آر
چیف منسٹر نے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں گاندھی جی کے 16فیٹ اونچے کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ اس مجسمہ کی تیاری پر 1.25کروڑروپئے کا صرفہ عائد ہوا ہے اور اس کاوزن پانچ ٹن ہے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراو نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ حکومت، گاندھیائی اُصولوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی سمت گامزن ہے۔انہوں نے دانشوروں اور اسکالرس پر زوردیا کہ وہ گاندھی جی کے فلسفہ اور اُصولوں پر نکتہ چینی کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کریں۔
حالیہ دنوں کے دوران بعض مفادات حاصلہ نے گاندھیائی اصولوں پر نکتہ چینی کی۔اس کو برداشت نہیں کرنا چاہئے اور اس کی سختی کے ساتھ مذمت کی جانی چاہئے۔دانشوروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی کوششوں کی مذمت کریں اور اچھے کام کی تشہیر کریں۔
چیف منسٹر نے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں گاندھی جی کے 16فیٹ اونچے کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔اس مجسمہ کی تیاری پر 1.25کروڑروپئے کا صرفہ عائد ہوا ہے اور اس کاوزن پانچ ٹن ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گاندھیائی اصولوں کے درجہ کو گھٹانے کی کسی بھی کوشش میں بعض طبقات کامیاب نہیں ہوں گے۔
اقوام متحدہ نے گاندھی جی کو مین آف ملینیم قراردیا ہے۔ان کے اصول بہتر ہیں اور پوری دنیا کے بنی نوع انسان کے لئے جذبہ پیداکرتے رہیں گے۔گاندھیائی اصولوں سے جذبہ حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کے پٹنا پرگتی اور پلے پرگتی پروگراموں کو شروع کیاگیا تھا۔
ان پروگراموں پر موثر عمل کرتے ہوئے کئی ایوارڈس حاصل کئے گئے۔تلنگانہ حکومت، گاندھیائی اصولوں سے جذبہ حاصل کررہی ہے تاکہ عدم تشدد اور ہم آہنگی کے اصولوں پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کے دوران انہوں نے گاندھی جی سے اصولوں سے جذبہ حاصل کیا۔
چیف منسٹر نے کہاکہ 2اکتوبر سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی یوم پیدائش بھی ہے جنہوں نے نعرہ جئے جوان۔جئے کسان دیا تھا۔افسوس اس بات کا ہے کہ ملک کے بعض طبقات اس سے پریشان ہیں۔اگنی پت اسکیم کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں اس پراحتجاج کیاگیا۔
فصلوں پر اقل ترین امدادی قیمت نہ دیتے ہوئے کسان طبقہ کو پریشان کیاگیا۔دانشوروں اور اسکالرس کو چاہئے کہ وہ خاموش نہ بیٹھیں اور اس کی مذمت کرتے ہوئے ایسی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔قبل ازیں وزیراعلی نے ایم جی روڈ سکندرآباد میں گاندھی جی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔