وقف ترمیمی بل کے خلاف حیدرآباد میں ’تلنگانہ مارچ‘: مشتاق ملک
تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مرکزی حکومت کی جانب سے وقف ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف حیدرآباد میں تلنگانہ مارچ منظم کرنے کا اعلان کیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو)تحریک مسلم شبان کے زیراہتمام جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مرکزی حکومت کی جانب سے وقف ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف حیدرآباد میں تلنگانہ مارچ منظم کرنے کا اعلان کیا۔
تاریخ اور مقام کا آئندہ دودن میں اعلان کیا جائے گا۔ صدر تحریک مسلم شبان وکنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی محمد مشتاق ملک نے آج شام پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ وقف ترمیمی بل کے خلاف تلنگانہ مارچ میں ریاست کے تمام اضلاع سے عوام شرکت کریں گے۔
یہ تلنگانہ مارچ، سی اے اے اور این آر سی کے خلاف منظم کردہ ملین مارچ سے بڑا ہوگا جس میں سوائے بی جے پی کے تمام سیاسی جماعتیں کانگریس، بی آر ایس، سی پی آئی، سی پی ایم کے علاوہ دینی مدارس، تعلیمی ادارے، سماجی تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں کے علاوہ دیگر افراد شرکت کریں گے۔تلنگانہ مارچ کا مقصد وقف ترمیمی بل کو واپس لینے، مساجد، درگاہوں، خانقاہوں، عاشور خانوں، قبرستانوں، وقف جائیدادوں، دینی مدارس، عیدگاہوں کا تحفظ کرنا ہے۔
اگر مسلمان اس ترمیمی بل کی منظوری پر خاموش بیٹھیں گے تو تمام وقف جائیدادیں ختم ہوجائیں گی۔ ہندوتوا طاقتیں وقف جائیدادوں سے مسلمانوں کو محروم کرنا چاہتے ہیں۔
ہمیں ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے اور ترمیمی بل کو واپس لینے کیلئے مرکزی حکومت کو مجبور کرنے کیلئے ہر ایک مسلمان کو گھروں سے نکالنا ہوگا۔
ایم بی ٹی قائد امجد اللہ خان خالد نے ایک قرار داد پیش کرتے ہوئے بل کی مخالفت کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور تائید کرنے والی جماعتوں کی سخت مذمت کی ایک سوال کے جواب میں مشاق ملک نے کہا کہ جو بھی وقف ترمیمی بل کی تائید کررہے ہیں وہ مسلمان نہیں ہوسکتے۔