تلنگانہ

تلنگانہ: نلہ ملا جنگلات میں خفیہ خزانے کے لئے کھدائی، کئی افراد زیرحراست

مقامی دیہاتیوں کا الزام ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں سے اس غار نما مقام پر خزانہ کے لئے کھدائی کی جا رہی تھی اور بعض افراد نے وہاں موجود قدیم مورتیوں اور فن پاروں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ عوامی حلقوں میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ کئی ہفتوں سے جاری ان سرگرمیوں کا محکمہ جنگلات کو علم کیوں نہیں ہو سکا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ناگر کرنول کے کولہا پور فاریسٹ رینج کے تحت نلہ ملا کے گھنے جنگلاتی علاقہ میں خفیہ خزانہ کی تلاش میں غیر قانونی کھدائی کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔

متعلقہ خبریں
بھینسہ میں آن لائن سٹہ گینگ کا پردہ فاش،اہم رکن گرفتار ،دیڑھ کروڑ کا سونا، نقدی و دستاویزات برآمد
بے روزگار نوجوانوں کیلئے ڈی ای ای ٹی ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم: اقلیتی بہبود آفیسر آر۔ اندرا
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،
جعلی ایچ ٹی کپاس کے بیجوں کا بڑا بھانڈا، 10 ٹن بیج ضبط، دو ملزمان گرفتار
یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں محکمہ اقلیتی بہبود کی خدمات کی شاندار ستائش

اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملام چنتلا پلی بیٹ کے علاقہ میدر بنڈا کے قریب واقع دیوونی بوکا نامی مقام پر یہ کارروائی انجام دی جا رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق بعض شرپسند عناصر اس قدیم مقام پر خزانہ کی لالچ میں کھدائی کر رہے تھے کہ اسی دوران محکمہ جنگلات کے حکام نے چھاپہ مار کر انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ حکام نے ملزمین کو حراست میں لے کر کولہا پور فاریسٹ ڈپو منتقل کر دیا۔ کارروائی کے دوران کھدائی کے لئے استعمال ہونے والا سامان اور ملزمین کی موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔

مقامی دیہاتیوں کا الزام ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں سے اس غار نما مقام پر خزانہ کے لئے کھدائی کی جا رہی تھی اور بعض افراد نے وہاں موجود قدیم مورتیوں اور فن پاروں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ عوامی حلقوں میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ کئی ہفتوں سے جاری ان سرگرمیوں کا محکمہ جنگلات کو علم کیوں نہیں ہو سکا۔

پکڑے گئے افرادکو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اچم پیٹ فاریسٹ ڈویژنل آفس منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا اس گروہ کا تعلق کسی منظم بین ریاستی گینگ سے تو نہیں ہے۔