اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کا مطالبہ، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد کی فہیم قریشی سے ملاقات
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد نے اردو صحافیوں کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے مطالبے کے ساتھ وائس چیئرمین و پریسیڈنٹ ٹمریز محمد فہیم قریشی سے ملاقات کی۔
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد نے اردو صحافیوں کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے مطالبے کے ساتھ وائس چیئرمین و پریسیڈنٹ ٹمریز محمد فہیم قریشی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ریاستی صدر ایم اے ماجد کی نگرانی میں انجام پائی، جس میں فیڈریشن کے جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین سمیت دیگر اہم عہدیداران بھی شریک تھے۔
وفد نے اپنی نمائندگی میں کہا کہ جی او نمبر 252 اردو صحافیوں کے لیے نقصان دہ ہے اور یہ سابقہ جی او 239 کے مقابلے میں زیادہ ناانصافی پر مبنی ہے، جس میں فوری ترمیم کی ضرورت ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ اردو اخبارات کو کسی شرط کے بغیر منڈل اور ضلع سطح پر اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے جی او 252 میں مناسب ترامیم کی جائیں، جبکہ چھوٹے اخبارات کو کمشنر انفارمیشن کے حاضری سرٹیفکٹ کی بنیاد پر اضلاع میں بھی کارڈ جاری کیے جائیں۔ فری لانس اور ویٹرن جرنلسٹس کے لیے کارڈ کی شرائط میں نرمی لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اردو ریاست کی دوسری سرکاری زبان ہے اور ریاست میں اردو بولنے والوں کی آبادی تقریباً 15 فیصد ہے، اسی تناسب سے اردو اخبارات کی اشاعت ہے۔ اس کے برخلاف تلگو بولنے والوں کی آبادی 85 فیصد ہے اور تلگو اخبارات کی اشاعت بھی اسی نسبت سے ہے۔ حکومت کی جانب سے اردو اخبارات پر 85 فیصد سرکولیشن کی شرط عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے، لہٰذا اردو اخبارات کو سرکولیشن کی قید سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے بغیر کسی شرط منڈل اور ضلع سطح کے اکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جائیں۔
ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق نمائندگی کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ کارڈ کے اجرا کے لیے سخت شرائط عائد کی گئی ہیں، جن میں ترمیم ناگزیر ہے۔ ویوز اور سبسکرائبرز کی تعداد کم کی جائے اور نیوز ایجنسیوں کے لیے دس لاکھ روپے ٹرن اوور کی شرط کو گھٹا کر ایک لاکھ روپے کیا جائے۔ الیکٹرانک میڈیا، بالخصوص کیبل چینلز کے سلسلے میں اضلاع میں دفتر، اسٹوڈیو اور نیوز روم کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
وفد نے یہ بھی کہا کہ اکریڈیٹیشن کارڈ کمیٹی کے اجلاس ہر تین ماہ میں لازمی طور پر منعقد کیے جائیں اور چھوٹے اخبارات و کیبل ٹی وی کے لیے پہلی ہی میٹنگ میں کارڈ کی منظوری کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
محمد فہیم قریشی نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے پیش کردہ نکات اور تجاویز پر غور کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ اردو صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کے لیے وہ چیف منسٹر اور متعلقہ وزیر سے رجوع کریں گے۔ اس موقع پر فیڈریشن کے عہدیداران عبدالمحسن، محمد فاروق کے علاوہ سینئر جرنلسٹ شاہد قریشی اور ابوایمل آزاد رپورٹر بھی موجود تھے۔