تلنگانہ کا قرض5لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز: چدمبرم
پی چدمبرم آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے9 دسمبر 2009 کو تشکیل تلنگانہ کے حوالے سے دیا گیا بیان اچھی طرح یاد ہے۔
حیدرآباد: سابق مرکزی وزیر وکانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم نے کہا ہے کہ کے سی آر حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست میں مہنگائی اور بیروزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
پٹرول، ڈیزل، دودھ اور گیاس کی قیمتیں دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے۔ تلنگاہ میں سب سے زیادہ ویاٹ وصول کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ میں بیروزگاری کی شرح7.8فیصد(مرد) اور9.5 فیصد (خواتین) ہے۔ دیہی بیروزگاری کی شرح قومی اوسط سے زیادہ 15 فیصد ہے۔
تلنگانہ میں 1.91 لاکھ سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔20ہزار اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے۔ 11لاکھ نوجوان تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں بی آر ایس حکومت ان جائیدادوں پر تقررات کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
ریاست کا قرض بڑھ کر5.66 لاکھ کروڑ ہوگیا ہے۔ جس کے نتیجہ میں ریاست کے ہر ِشخص پر 96 ہزار روپے کے قرض کابوجھ ہے۔ جس کی وجہ سے فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لانا مشکل ہوگیا ہے۔ صحت و تعلیم پر شعبہ میں سالانہ فنڈ میں تخفیف کردی گئی ہے۔
غذائی قلت کا شدید سامنا ہے۔ پی چدمبرم آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے9 دسمبر 2009 کو تشکیل تلنگانہ کے حوالے سے دیا گیا بیان اچھی طرح یاد ہے۔ لیکن افسوس کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کے سی آر کے9سالہ دور حکومت میں عوام کی امیدیں اور ان کے خوابوں کی تکمیل پرنہیں اتر سکی ہے۔
آج ہر شخص کے سی آر حکومت سے ناراض ہے۔ چنانچہ اب وقت آچکا ہے کہ تلنگانہ کے عوام کانگریس کو ایک موقع فراہم کریں۔ تاکہ ریاست کی معیشت کو تباہی سے بچایا جاسکے۔ سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کے دور میں اقتصادی نظام میں لاگئی اصلاحات ملک کی ترقی کا سبب بنے تھے۔ اگر کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کیا گیا تو 6گیارنٹی اسکیمات پر یقینی طور پر عمل درآمد ہوگااور غریب عوام کی زندگیوں میں غربت کا خاتمہ ہوگا اور خوشحالی آئیگی۔
پی چدمبرم نے توقع ظاہر کی ہے کہ ملک کی 5ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے منجملہ4ریاستوں میں کانگریس کامیاب ہوگی۔ تلنگانہ میں انہیں کانگریس کی لہر نظر آرہی ہے۔امید ہے کہ اس بار عوام اپنے بہتر مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے کانگریس کو اقتدار میں لائیں گے۔ پریس کانفرنس میں میڈیا کوآرڈینٹرس ومشنی چندر ریڈی اور اجئے کمار موجود تھے۔