حیدرآباد میں گنیش تہوار کے موقع پر دس دن کی ٹریفک ایڈوائزری جاری
پولیس کے مطابق خیرت آباد، شاداں کالج، نرنکاری، اولڈ پی ایس سائیف آباد، منٹ کمپاؤنڈ اور نیکلس روٹری کے علاقوں میں ٹریفک جام کے امکانات زیادہ ہیں، اس لیے آئندہ دس دن تک کئی راستوں پر گاڑیاں موڑ دی جائیں گی۔
حیدرآباد: شہر کے خیرت آباد میں بڑے گنیش کی مورتی قائم کی جارہی ہے جس کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پہنچنے کی توقع ہے۔ عوامی ہجوم اور ٹریفک جام سے نمٹنے کے لیے پولیس نے ٹریفک پابندیوں اور ڈائیورشنز کا اعلان کیا ہے جو 27 اگست سے 6 ستمبر تک نافذ رہیں گے۔
پولیس کے مطابق خیرت آباد، شاداں کالج، نرنکاری، اولڈ پی ایس سائیف آباد، منٹ کمپاؤنڈ اور نیکلس روٹری کے علاقوں میں ٹریفک جام کے امکانات زیادہ ہیں، اس لیے آئندہ دس دن تک کئی راستوں پر گاڑیاں موڑ دی جائیں گی۔
پی وی مجسمہ سے منٹ کمپاؤنڈ جانے والے ٹریفک کو راجیو گاندھی مجسمہ کے پاس سے نرنکاری جنکشن کی طرف موڑا جائے گا، سائیف آباد اولڈ پی ایس سے راجدوت لین کے راستے آنے والوں کو اقبال منار کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
اقبال منار سے منٹ کمپاؤنڈ آنے والوں کو آئی میکس تھیٹر کی سمت بھیجا جائے گا، منٹ کمپاؤنڈ کے راستے آنے والوں کو سیکریٹریٹ کراس ٹیمپل پر تلگو تلی جنکشن کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا، نیکلس روٹری سے منٹ کمپاؤنڈ آنے والے ٹریفک کو تلگو تلی یا خیرت آباد فلائی اوور کی سمت بھیجا جائے گا اور نرنکاری سے پوسٹ آفس کے راستے ریلوے گیٹ آنے والوں کو اولڈ پی ایس سیف آباد کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
درشن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ریس روڈ، این ٹی آر گھاٹ، ایچ ایم ڈی اے پارکنگ (آئی میکس تھیٹر کے قریب)، آئی میکس کے سامنے اوپن گراؤنڈ اور سرسوتی ودیا مندر ہائی اسکول میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ خیرت آباد جنکشن سے آنے والے عقیدت مند وشویشوریا بھون میں اپنی گاڑیاں پارک کرسکتے ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ میٹرو ریل، ایم ایم ٹی ایس اور آر ٹی سی بسوں کا استعمال کریں تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم کیا جاسکے۔