دہلی

مندر میں دلتوں کے داخلہ پر کرناٹک میں کشیدگی (ویڈیو)

کرناٹک کے تاریخی کالبھیرویشور سوامی مندر میں پہلی مرتبہ دلتوں کو داخلے کی اجازت دینے کے ضلع حکام کے فیصلہ کے بعد مانڈیا ضلع کے ہانکیرے گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔

منڈیا (یو این آئی) کرناٹک کے تاریخی کالبھیرویشور سوامی مندر میں پہلی مرتبہ دلتوں کو داخلے کی اجازت دینے کے ضلع حکام کے فیصلہ کے بعد مانڈیا ضلع کے ہانکیرے گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔

شمولیت کو فروغ دینے کے مقصد سے اٹھائے گئے اس قدم کا کچھ اعلیٰ ذات کے دیہی باشندوں، خاص طور پر ووکلیگا برادری کے لوگوں نے اتوار کو اس کی سخت مخالفت کی۔ احتجاج میں، اونچی ذات کے دیہاتیوں نے مندر سے اتسو کی مورتی کو ہٹا دیا اور مندر کے احاطے کے باہر رسومات ادا کیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس جدوجہد کی جڑیں بائیکاٹ کی طویل تاریخ میں پیوست ہیں، کیونکہ دلتوں کو دہائیوں سے مندر میں داخلے سے محروم رکھا گیا تھا۔ کالبھیرویشور سوامی مندر خستہ حالی کا شکار ہو گیا تھا اور اسے تین سال قبل منہدم کر دیا گیا تھا۔ اسے ریاست کے محکمہ مذہبی اوقاف کے کنٹرول میں دوبارہ تعمیر کیا گیا اور حال ہی میں مقامی حکام اور پولیس کے ساتھ وسیع بحث کے بعد دلتوں کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

یہ مذاکرات ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کو ختم کرنے اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ تھے۔ کچھ گاؤں والے (جو مندر کی تزئین و آرائش کے لیے مالی تعاون کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں) اس فیصلے کے حق میں نظر نہیں آئے اور انہوں نے اس کے مخالفت کی اور کہا کہ گاؤں میں دلتوں کے لیے ایک علیحدہ مندر پہلے ہی بنا دیا گیا ہے۔

ذات پات کی بنیاد پر بائیکاٹ کے گہرے مسائل کے ساتھ اس اختلاف نے خطے میں کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔امن و امان برقرار رکھنے اور احتجاج کی آوازوں کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش میں ہناکیرے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔

صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور گاؤں تاریخی مندر تک رسائی کے متنازعہ مسئلے پر منقسم ہے۔ مقامی حکام تنازعہ کو حل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، لیکن جذبات کی شدت کے باعث یہ غیر یقینی ہے کہ معاملہ کیسے حل ہو گا۔