دہلی

’مسلم اکثریتی علاقوں سے بعض ہندو خوفزدہ، مگر سب محفوظ ہیں‘: وزیر اقلیتی امور

کرن رجیجو نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ بعض ہندوؤں کو یہ شکایت ہے کہ ملک کے اندر مسلم اکثریتی علاقے بننے سے انہیں خوف محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکادکا واقعات ہوئے ہوں گے لیکن میرے خیال میں کسی کو بھی ڈر خوف نہیں ہونا چاہئے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ ہندوستان سیکولر ملک ہے اور اقلیتیں اس ملک میں سب سے زیادہ محفوظ ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقلیتوں کو ہندو اکثریت کی بدولت مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

پی ٹی آئی ویڈیوز کو انٹرویو میں وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ ان کی نظر سے ایک بھی ایسا کیس نہیں گزرا کہ اقلیتی فرقہ کا کوئی فرد صرف اس وجہ سے ملک چھوڑکر جانے پر مجبور ہوکہ اسے ملک میں کسی چیز سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کا تائیدی بایاں بازو ایکو سسٹم انتھک مہم چلارہا ہے کہ اقلیتوں کو ٹارچر کیا جارہا ہے‘ مارا کاٹا جارہا ہے اور وہ ہندوستان میں محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسے بیانیہ سے ملک کی مدد ہونے والی نہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ ان کے پیشرو مختار عباس نقوی نے اپنے دورِ وزارت میں کہا تھا کہ ہندوستان اقلیتوں کے لئے جنت ہے‘ کرن رجیجو نے کہا کہ انڈیا وہ ملک ہے جہاں کے لوگ پابند قانون ہیں‘ سیکولر ہیں‘ ہمارا اپنا دستور ہے۔ اکثریت میں ہوں یا اقلیت میں ہوں سب برابر ہیں۔ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔

میں واضح طورپر کہہ سکتا ہوں کہ اکثریتی فرقہ کو جو ملتا ہے وہی اقلیتی فرقوں کو ملتا ہے بلکہ بعض ایسی چیزیں اقلیتوں کو حاصل ہیں جو اکثریتی فرقہ کو میسر نہیں۔ کرن رجیجو جمعہ کے دن نئی دہلی میں نیوز ایجنسی کے ہیڈکوارٹرس میں پی ٹی آئی سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ تاریخ پر مختصرنظر ڈالیں تو چین کے قبضہ کی وجہ سے تبت میں کچھ مسائل تھے اور تبتی لوگ ہندوستان چلے آئے۔

میانمار میں جمہوری تحریکیں چل رہی تھیں اور بعض مسائل تھے‘ جمہوری کارکن ہندوستان چلے آئے۔ سری لنکا میں بعض مسائل تھے وہاں کے ٹامل شہریوں نے ہندوستان کا رخ کیا۔ اسی طرح بنگلہ دیش‘ پاکستان اور افغانستان سے بھی اقلیتی فرقوں کے لوگ ہندوستان چلے آئے۔ ان سبھی کی خواہش ہندوستان میں پناہ لینی کی تھی کیونکہ انہیں دستورِ ہند اور یہاں کے عوام پر اعتماد تھا۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس دورِ اقتدار میں اکادکا واقعات اور فسادات کو چھوڑکر ہندوستان میں اقلیتیں عام طورپر بے حد محفوظ ہیں۔ گزشتہ 11 برس سے مسلسل مہم چلائی جارہی ہے کہ ملک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود اقلیتی فرقہ (بدھ) سے تعلق رکھتا ہوں۔ پرانی مردم شماری کے مطابق اکثریتی ہندو فرقہ کی آبادی 78 تا 79 فیصد ہے۔

نئی مردم شماری کے بعد آپ دیکھیں گے کہ یہ تناسب گھٹ جائے گا۔ ہندو اکثریت کی بدولت اس ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ اگر آپ حقیقت کا اعتراف نہیں کرتے تو آپ اس ملک کی بڑی بدخدمتی کررہے ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا مسلمان بھی انڈیا میں خود کو سیف سمجھتے ہیں‘ کرن رجیجو نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ بعض ہندوؤں کو یہ شکایت ہے کہ ملک کے اندر مسلم اکثریتی علاقے بننے سے انہیں خوف محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکادکا واقعات ہوئے ہوں گے لیکن میرے خیال میں کسی کو بھی ڈر خوف نہیں ہونا چاہئے۔

اگر کوئی ایک فرقہ دوسرے فرقہ کو دھمکارہا ہے تو ریاستی حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان میں ہر شخص برابر اور محفوظ ہے۔ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ انڈیا میں غیرمحفوظ ہے تو وہ اس دیش کی بڑی بدخدمتی کررہا ہے۔