مذہب

بڑے برتن سے کس طرح وضو کیا جائے ؟

لیکن فقہاء نے طہارت و نظافت یعنی پاکی اور صفائی ستھرائی دونوں پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اگر چھوٹا برتن ہو جیسے لوٹا یا پیالہ تو برتن سے پانی انڈیل کر وضو کرنا چاہئے۔

سوال:- بعض دفعہ وضو کرنے کے لئے بکٹ میں پانی موجود ہوتا ہے ؛ لیکن پانی نکالنے کا کوئی برتن موجود نہیں ہوتا ، ایسی صورت میں وضو کرنے کی کیا صورت ہوگی ؟ کیا اس میں ہاتھ ڈبوڈبوکر وضو کیا جاسکتا ہے ؟ (جنید احمد، کوکٹ پلی)

جواب:- اگر کوئی شخص پانی میں ہاتھ ڈالے ، ہاتھ میں نجاست لگی ہوئی نہ ہو تو اس سے پانی ناپاک نہیں ہوتا ؛

لیکن فقہاء نے طہارت و نظافت یعنی پاکی اور صفائی ستھرائی دونوں پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اگر چھوٹا برتن ہو جیسے لوٹا یا پیالہ تو برتن سے پانی انڈیل کر وضو کرنا چاہئے ،

اگر بڑا برتن ہو جس سے اس طرح پانی کا نکالنا دشوار ہو یا اس طرح پانی نکالنے کی صورت میں پانی کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہو؛

لیکن کوئی چھوٹا برتن میسر ہو جس کے ذریعہ پانی نکالا جاسکتا ہو تو اسی کی مدد سے پانی نکال کر وضو کیا جائے ، اور اگر چھوٹا برتن بھی موجود نہ ہو تو بایاں ہاتھ ہتھیلی کو بچاتے ہوئے انگلیوں کے بقدر داخل کیا جائے اور اس سے پانی نکال نکال کر دائیں اور بائیں ہاتھ کو اچھی طرح دھولیا جائے ؛

بلکہ بہتر ہے کہ تین بار دھویا جائے ، پھر دونوں ہاتھ پانی میں ڈال کر چلوؤں سے پانی لیا جائے اور اس طرح وضو مکمل کیا جائے :

وإن لم یکن معہ کوز صغیر أدخل أصابع یدہ الیسری مضمومۃ في الإناء ولا یدخل الکف ویرفع الماء من الجب ، ویصب علی یدہ الیمنی ، ویدلک الأصابع بعضہ ببعض ، فیفعل کذلک ثلاثا ، ثم یدخل یدہ الیمنی بالغا ما بلغ في الإناء إن شاء (محیط برہانی:۱؍۱۶۹)

a3w
a3w