اسرائیلی جارحیت کا 17 واں دن ،غزہ پر بمباری جاری
عسقلان اور غزہ کے آس پاس کے قصبوں کی طرف کم از کم بیس راکٹ داغے گئے ان میں سے کچھ راکٹ اسرائیلی دفاعی نظام آئرن ڈوم کو چکمہ دینے میں بھی کامیاب رہے۔
غزہ:غزہ کی پٹی میں جاری خونریز جنگ کے سترہویں روز اسرائیل نے پٹی کے تقریبا 400 مقامات پر شدید بمباری کی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ پٹی کے مغربی علاقے شیخ رضوان کالونی پر بمباری کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں جن کی ایک بڑی تعداد کو غزہ شہر کے وسطی مغربی علاقے میں الشفا میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال مکمل طور پر زخمیوں سے بھر گیا ہے جبکہ ہسپتال میں طبی سامان کی شدید قلت ہے۔دوسری جانب القسام بریگیڈز نے اسرائیل کے جنوب میں غزہ کی پٹی میں عسقلان پر میزائلوں سے بمباری کا اعلان کردیا ہے۔اس دوران مفکعیم کے قریب اسرائیلی فوج کے دو اڈوں حتسریم اور تسیلم کو نشانہ بنایا گیا۔
عسقلان اور غزہ کے آس پاس کے قصبوں کی طرف کم از کم بیس راکٹ داغے گئے ان میں سے کچھ راکٹ اسرائیلی دفاعی نظام آئرن ڈوم کو چکمہ دینے میں بھی کامیاب رہے۔ اسرائیلی توپخانے کی جانب سے شمالی غزہ میں بیت لاھیا اور بیت حانون پر پرشدید بمباری کی گئی، متعدد مقامات پر شدید حملوں میں ایک ہی دن میں 400 سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں فلسطینی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 400 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ صہیونی فوج نے کہا زمینی حملے کی تیاری کے تناظر میں ہماری توجہ اب ان مقامات پر مرکوز ہے جو خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اسرائیل نے گزشتہ اتوار کی رات سے غزہ کی پٹی پر اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں امدادی سامان کی ترسیل کے بڑھتے مطالبات میں فلسطینی افراد کی اموات بھی بڑھتی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد پہلے محصور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی مزید سخت کردی ہے اور پانی، بجلی، ایندھن اور خوراک کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔