جدہ و حیدرآباد میں انڈین کلچرل سوسائٹی و بزم عثمانیہ کے زیر اہتمام 79واں یومِ آزادی شاندار پیمانے پر منایا گیا
اپنے صدارتی خطاب میں جناب عارف قریشی نے کہا کہ ہم وطن سے دور رہنے کے باوجود حب الوطنی اور تہذیبِ حیدرآباد کو فراموش نہیں کر سکتے۔ آزادی کی تحریک میں سب سے پہلے مسلمانوں اور علماء دین نے قربانیاں دیں، بعد میں دیگر طبقات بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے مجاہدین آزادی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کو ان کے کارناموں سے آگاہ کریں۔

حیدرآباد: انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ اور بزم عثمانیہ جدہ، سعودی عرب کے زیراہتمام ہندوستان کا 79واں یومِ آزادی نہایت جوش و خروش اور شاندار پیمانے پر منایا گیا۔ اس تقریب میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور مجاہدینِ آزادی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اوصاف سعید (سابق سفیر ہند و سابق معتمد برائے امورِ خارجہ حکومت ہند) تھے، جبکہ صدارت جناب عارف قریشی (صدر انڈین کلچرل سوسائٹی و بزم عثمانیہ جدہ) نے کی۔ مہمانانِ اعزازی میں جناب طارق انصاری (صدرنشین اقلیتی کمیشن تلنگانہ)، پروفیسر ایس اے شکور (ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی) اور نواب نجف علی خان (نبیرہ آصف سابع میر عثمان علی خان) شامل تھے۔
ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کی تحریک کا سہرا سب سے پہلے مسلمانوں اور علماء کرام کے سر جاتا ہے۔ مولانا حسرت موہانی کے نعرہ "انقلاب زندہ باد” نے تحریکِ آزادی کو نئی روح بخشی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو شہدائے آزادی خصوصاً مسلم قائدین اور خواتین مجاہدات کی قربانیوں سے روشناس کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر جناب عارف قریشی کو "Man with Full Energy” کے خطاب سے نوازا اور ان کی نصف صدی پر محیط سماجی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں جناب عارف قریشی نے کہا کہ ہم وطن سے دور رہنے کے باوجود حب الوطنی اور تہذیبِ حیدرآباد کو فراموش نہیں کر سکتے۔ آزادی کی تحریک میں سب سے پہلے مسلمانوں اور علماء دین نے قربانیاں دیں، بعد میں دیگر طبقات بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے مجاہدین آزادی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کو ان کے کارناموں سے آگاہ کریں۔
پروفیسر ایس اے شکور نے ہندوستان کی ترقی اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نفرت سے نہیں بلکہ محبت اور بھائی چارے سے ترقی کرتا ہے۔ جناب عزیز احمد (سینئر صحافی) نے اپنی نصف صدی پر مشتمل صحافتی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی میں ہمارے اسلاف کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
جناب طارق انصاری نے حب الوطنی پر اشعار سنائے، جبکہ نواب نجف علی خان نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر حب الوطنی کے نغمے پیش کیے گئے اور کیک کاٹ کر جشن آزادی منایا گیا۔