تلنگانہ

کلکٹر نے سائیکل پر 20 کلومیٹر کا سفر طے کر کے سرکاری اسپتال کا اچانک معائنہ کیا

میدک ضلع کے کلکٹر راہل راج نے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے غیر روایتی انداز اپناتے ہوئے سائیکل پر 20 کلومیٹر کا سفر طے کر کے رامایم پیٹ کے سرکاری اسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔

 حیدرآباد (یواین آئی)  میدک ضلع کے کلکٹر راہل راج نے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے غیر روایتی انداز اپناتے ہوئے سائیکل پر 20 کلومیٹر کا سفر طے کر کے رامایم پیٹ کے سرکاری اسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔

اس معائنے کا مقصد زمینی سطح پر طبی خدمات کے معیار کا جائزہ لینا تھا۔ کلکٹر نے اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات، عملے کی حاضری رجسٹر، او پی رجسٹر اور ڈلیوری رجسٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ عملے کو معیاری اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کے لیے بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے محکمہ صحت کو مضبوط بنا رہی ہے۔ موسمی بیماریوں کے پیش نظر محکمہ صحت کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع کے تمام صحت مراکز کی سخت نگرانی کے لیے کلکٹر آفس سے سی سی ٹی وی نگرانی کا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ تمام طبی عملہ، حتیٰ کہ چھٹی کے دنوں میں بھی، دستیاب رہے تاکہ بروقت اور مؤثر علاج ممکن ہوسکے۔ عوام کو مشورہ دیاگیا کہ گھروں کے آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔ کلکٹر نے بتایا کہ اب تک ضلع میں ملیریا کے کوئی کیس درج نہیں ہوئے جبکہ ڈینگی کے صرف چند کیس سامنے آئے ہیں اور وہ بھی خطرناک نوعیت کے نہیں ہیں۔

رامایم پیٹ اسپتال میں گائناکالوجسٹ کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس عہدے کو پر کر کے اسپتال میں زیادہ تعداد میں زچگیوں کو ممکن بنایا جائے گا۔ کلکٹر نے کہا کہ اسپتال بنیادی سہولیات اور ماہر عملے سے آراستہ ہے اور مریضوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

راہول راج نے عوام پر زور دیا کہ وہ ذاتی اور ارد گرد کے ماحول کی صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔