پٹرول ختم ہونے پر کسٹمر کا بائیک سے اترنے سے انکار، گاہک کو بٹھاکر بائیک ڈھکیل کرلے جانے کا ویڈیو وائرل
حیدرآباد میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں گاہک نے بائیک میں پٹرول ختم ہو جانے کے باوجو د بائیک سے اترنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے مالک کو خودبائیک ڈھکیلتے ہوئے صارف کو اس کی منزل تک پہنچانا پڑا۔
حیدرآباد : شہر میں بڑھتی آبادی کی وجہ سے ایک مقام سے دوسرے مقام تک جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع کا استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ بائیک ٹیکسی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
عوام‘ شہر کی بے ہنگم ٹرافک میں جلد سے جلد اپنے مقام پر پہنچنے کیلئے ان خدمات کا استعمال کررہے ہیں۔ ریاپیڈو بائیک چلانے والوں کی مجبوریوں کو دیکھ کر کچھ لوگ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں
لیکن حیدرآباد میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں گاہک نے بائیک میں پٹرول ختم ہو جانے کے باوجو د بائیک سے اترنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے مالک کو خودبائیک ڈھکیلتے ہوئے صارف کو اس کی منزل تک پہنچانا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ریاپیڈو بائیک بک کروائی اور بائیک وقت پر اس شخص کے پاس پہنچ گئی مگر جب منزل کی طرف روانہ ہوئے تو بائیک میں پٹرول ختم ہو گیا۔
ریاپیڈو ڈرائیور نے کسٹمر کو بائیک سے اترنے اور پٹرول پمپ تک پیدل چلنے کی خواہش کی جس پر مسافرنے پیدل چلنے سے انکار کر دیا ڈرائیور کے سامنے عجیب و غریب صورتحال پیدا ہو گئی۔
مگر حالات کا مارا مجبور ریاپیڈو ڈرائیور کسٹمر کو بائیک پر بٹھا کر گاڑی کو ڈھکیلتا ہوا پٹرول پمپ تک پہنچا۔
سڑک سے گزرنے والے بعض افراد نے اس منظر کی ویڈیو گرافی کر لی اور یہ ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔.عوام کسٹمر کے طرز عمل پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے اس کے رویہ کو غیر انسانی قرار دے رہے ہیں۔