نظام آباد میں زخمی خاتون کانسٹیبل کی وزیر صحت نے عیادت کی اور اس معاملے کے لے محکمہ کی سی آئی سوپنا پر الزام عائد کیا ہے
دریں اثنا، محکمہ کے عملے نے الزام عائد کیا ہے کہ ایکسائز سی آئی سوپنا کے گانجا اسمگلروں سے تعلقات ہیں، اسی لیے وہ ناتجربہ کار خاتون کانسٹیبلز کو رات کے وقت ڈیوٹی پر تعینات کرتی ہیں۔ عملے کا یہ بھی الزام ہے کہ غیر قانونی وصولیوں میں رکاوٹ بننے پر ان پر حملے کروائے جا رہے ہیں
حیدرآباد : تلنگانہ کے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج صبح نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) پہنچ کر خاتون کانسٹیبل کی عیادت کی جس کو ضلع نظام آباد میں گانجہ کے اسمگلرس نے گاڑی سے ٹکر دے دی تھی۔یہ خاتون کانسٹیبل ان کو روکنے کی کوشش کررہی تھی تاہم ان افراد نے اس کو اپنی گاڑی سے روند ڈالا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔اس کو بہتر علاج کیلئے حیدرآباد کے نمس منتقل کیاگیا۔
وزیر صحت نے نمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بیرپا اور ڈاکٹروں کی ٹیم سے کانسٹیبل کی صحت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر وزیر صحت نے خاتون کانسٹیبل سومیا کی ماں چندر کلا اور بھائی شراون سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرموصوف نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود خاتون کانسٹیبل پر حملہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ عمل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سومیا کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی اور ان کی مکمل صحت یابی تک بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ سرکاری ملازمین پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پولیس نے ملزمین کے خلاف پہلے ہی اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وزیر نے واضح کیا کہ تلنگانہ کو منشیات سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے محکمہ آبکاری اور پولیس پوری مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، محکمہ کے عملے نے الزام عائد کیا ہے کہ ایکسائز سی آئی سوپنا کے گانجا اسمگلروں سے تعلقات ہیں، اسی لیے وہ ناتجربہ کار خاتون کانسٹیبلز کو رات کے وقت ڈیوٹی پر تعینات کرتی ہیں۔
عملے کا یہ بھی الزام ہے کہ غیر قانونی وصولیوں میں رکاوٹ بننے پر ان پر حملے کروائے جا رہے ہیں۔ ان الزامات کے خلاف عملے نے نظام آباد ایکسائز دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نظام آباد ایکسائز کے ڈپٹی کمشنر سوماریڈی نے کہا کہ سی آئی سوپنا کے معاملے کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹروں کے مطابق سومیا کی حالت فی الحال تشویشناک ہے لیکن گزشتہ روز کے مقابلہ بہتری آئی ہے اور ماہرین کی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے