حضور ﷺ سراپا جمال و کمال، انسانیت کے لیے کامل نمونہ: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد کے خطیب و امام مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے ماہِ ربیع الاول شریف کی نویں نشست بعنوان "شمائلِ مصطفیٰ ﷺ قرآن کی روشنی میں" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو سراپا ہدایت اور تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد کے خطیب و امام مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے ماہِ ربیع الاول شریف کی نویں نشست بعنوان "شمائلِ مصطفیٰ ﷺ قرآن کی روشنی میں” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو سراپا ہدایت اور تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔
مولانا صابر پاشاہ نے کہا کہ قرآن مجید میں بارہا نبی اکرم ﷺ کی عظمت، رفعت، اخلاقِ کریمانہ اور اعلیٰ اوصاف کا ذکر کیا گیا ہے۔ قرآن کی متعدد آیات اس بات کی واضح دلیل ہیں کہ آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ تمام انسانوں کے لیے بہترین رہنمائی ہے۔ ارشاد ربانی ہے: "بیشک تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے اور کثرت سے اللہ کو یاد کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی شخصیت سراپا جمال و کمال ہے۔ آپ ﷺ نہ صرف انسانوں کو اللہ تک پہنچانے کا وسیلہ ہیں بلکہ بزمِ جہاں میں چراغِ ہدایت بن کر تشریف لائے۔ قرآن نے آپ کو "اُسوہ حسنہ” قرار دیا اور اللہ تعالیٰ نے آپ کے اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: "اور بے شک آپ عظیم اخلاق کے مرتبے پر فائز ہیں۔”
مولانا صابر پاشاہ نے کہا کہ حضور ﷺ کو رب کائنات نے "احسن تقویم” کا شاہکار بنا کر بھیجا تاکہ انسانیت کو حقیقی رہنمائی ملے۔ ان کے مطابق انسان کسی شخصیت سے تین وجوہات کی بنا پر متاثر ہوتا ہے: عظمت و رفعت، اعلیٰ اخلاق اور احسانات۔ ان تینوں پہلوؤں میں نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ سب سے بلند و بالا ہے۔
انہوں نے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
"حسن یوسف، دم عیسیٰ، یدِ بیضا داری / آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری”
جس کا مطلب یہ ہے کہ تمام انبیاء کے محاسن یکجا ہو کر حضور اکرم ﷺ کو عطا کیے گئے۔
مولانا نے کہا کہ قرآن مختلف انداز میں حضور ﷺ کے سراپا نور اور سراپا جمال کا ذکر کرتا ہے تاکہ اہل ایمان کے دلوں میں محبت و عشقِ رسول پروان چڑھے اور وہ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی کریں۔
انہوں نے کہا کہ بے شک یہ عظمت صرف اور صرف حضور ﷺ کے حصے میں آئی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ جیسا حسین و جمیل اور سراپا نور نہ پہلے پیدا کیا اور نہ آئندہ پیدا کرے گا۔