شوہر نے امتحانی ہال میں گھس کر بیوی کی آنسر شیٹ پھاڑ دی
اچانک اس کا شوہر منموہن لودھی امتحانی ہال کے اندر داخل ہوا اور اپنی اہلیہ کی آنسر شیٹ پھاڑ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں منموہن کو گرفتار کیا تھا۔

شیو پوری: مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع کے پچھور کے چھترسال کالج میں امتحان دے رہی ایک بیوی کا تعلیم حاصل کرنا اور امتحان دینا شوہر کوپسند نہیں آیا اور اس نے امتحان ہال کے اندر گھس کر بیوی کی آنسر شیٹ پھاڑ دی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز یہ اچانک واقعہ دیکھ کر امتحانی ہال میں موجود امتحانی خاتون اور ڈیوٹی پر موجود عملہ حیران رہ گیا اور فوری طور پر شوہر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس ذرائع نے کالج سے موصولہ اطلاع میں بتایا کہ کل بی اے فائنل ایئر کے امتحان کے لیے سوشیالوجی کا پرچہ تھا۔ پچھور کے چھترسال کالج میں امتحان چل رہا تھا، جس میں آرتی لودھی بھی امتحان دے رہی تھی۔
اس کے بعد اچانک اس کا شوہر منموہن لودھی امتحانی ہال کے اندر داخل ہوا اور اپنی اہلیہ کی آنسر شیٹ پھاڑ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں منموہن کو گرفتار کیا تھا، لیکن بعد میں کوئی شکایت موصول نہ ہونے پر اسے چھوڑ دیا گیا۔
کہا جاتا ہے کہ خاتون کا شوہر اپنی بیوی کو پڑھانے کو تیار نہیں تھا۔ آرتی کچھ وقت سے اپنے مائکے میں رہ کر امتحان کی تیاری کر رہی تھی اور وہ آگے بڑھنا چاہتی تھی۔