جموں و کشمیر

کشمیر میں زمستانی ہوائوں کا زور بر قرار، زوجیلا پر شبانہ درجہ حرارت منفی23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

جنوبی کشمری کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سری نگر: وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان ‘چلہ کلان’ کے آغاز سے قبل زمستانی ہوائوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس سے لوگوں کا جینا از بس محال ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں
آج سے 4دنوں تک بارش کا امکان
تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹے میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان
حیدرآباد میں جاریہ ماہ زائد درجہ حرارت کی پیش قیاسی

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور شوپیاں اضلاع وادی کے سرد ترین مقامات رہے ہیں جہاں دونوں جگہوں پر شبانہ درجہ حرارت منفی8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زوجیلا پر کم سے کم درجہ حرارت منفی23.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

جنوبی کشمری کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع لییہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 26 دسمبر تک موسم میں کسی بڑے پیمانے کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم سردیوں کا زور جاری رہ سکتا ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 17 سے 20 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 21 اور 22 دسمبر کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 21 دسمبر کی شام سے 22 دسمبر کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وادی میں 23 سے 26 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے انی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ اہم گزرگاہوں اور اونچی جگہوں کی سڑکوں پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے اور برفانی حالات کے پیش نظر، سیاحوں/ مسافروں کو انتظامیہ کی طرف سے جاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔