مشہور ترین اطالوی ٹک ٹاکر نے اپنے چہرے کی منفرد تصویر 900 ملین ڈالر میں فروخت کردی۔
امریکہ میں قائم کمپنی رچ اسپارکل ہولڈنگز کے ساتھ یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے کیا گیا، جس کے تحت رچ اسپارکل کو کم از کم 36 ماہ کے لیے سینیگالی اوراطالوی اسٹریمر خابی لام کی تمام تجارتی سرگرمیوں پر خصوصی حقوق حاصل ہوں گے
انتہائی مقبول ٹک ٹاک اسٹار خابی لام نے اپنی کمپنی اسٹیپ ڈسٹنکٹیو لمیٹڈ کو مکمل طور پر ایک معاہدے کے تحت فروخت کر دیا ہے، جس کی مالیت 975 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت خابی لام نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے ایک ’’ڈیجیٹل جڑواں‘‘ کی تیاری کی اجازت بھی دے دی ہے۔
بزنس انسائیڈر افریقہ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں قائم کمپنی رچ اسپارکل ہولڈنگز کے ساتھ یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے کیا گیا، جس کے تحت رچ اسپارکل کو کم از کم 36 ماہ کے لیے سینیگالی اوراطالوی اسٹریمر خابی لام کی تمام تجارتی سرگرمیوں پر خصوصی حقوق حاصل ہوں گے۔ ان سرگرمیوں میں توثیقی معاہدے، لائسنسنگ، ای کامرس، اور برانڈ پارٹنرشپ کے تمام سودے شامل ہیں۔
اس معاہدے کے نتیجے میں خابی لام رچ اسپارکل میں کنٹرولنگ شیئر ہولڈر بن جائیں گے، کمپنی کا اندازہ ہے کہ اس شراکت داری سے سالانہ 4 ارب ڈالر سے زائد کی فروخت پیدا ہوگی۔
واضح رہے کہ خابی لام کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اندازاً 360 ملین فالوورز ہیں۔ انھوں نے ایک اے آئی سے چلنے والے ڈیجیٹل جڑواں کی تیاری کی بھی منظوری دی ہے، جس کی تیاری کے لیے خابی لام رچ اسپارکل کو اپنے چہرے کی ساخت، آواز کے انداز اور طرزِ عمل کی نقل بنانے کی اجازت دیں گے۔ اس کے ذریعے کمپنی مختلف زبانوں میں مواد تیار کرسکے گی اور خابی لام کے ڈیجیٹل ہمزاد کے ساتھ ورچوئل لائیو اسٹریمز بھی ہوں گی۔
رچ اسپارکل نامی کمپنی نے اس معاہدے کو ای کامرس ماڈل میں ایک انقلاب قرار دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ خابی لام نے اپنی اُن سادہ اور خاموش ویڈیوز سے عالمی شہرت حاصل کی تھی، جن میں وہ ضرورت سے زیادہ پیچیدہ ’’لائف ہیکس‘‘ کا مذاق اڑاتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر 360 ملین فالوورز کے ساتھ اس وقت خابی لام دنیا کی بااثر ترین ڈیجیٹل شخصیات میں سے ایک ہیں