دہلی

فلم اُدئے پور فائلس کے پروڈیوسر کی درخواست پر جلد سماعت

سپریم کورٹ نے پیر کے دن فلم اُدئے پور فائلس کے پروڈیوسر کی داخل کردہ درخواست کی جلد سماعت پر آمادگی ظاہر کی۔ پروڈیوسر نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) سپریم کورٹ نے پیر کے دن فلم اُدئے پور فائلس کے پروڈیوسر کی داخل کردہ درخواست کی جلد سماعت پر آمادگی ظاہر کی۔ پروڈیوسر نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے کنہیالال کمار قتل کیس پر بنی فلم کی ریلیز عارضی طورپر روک دی تھی۔ سینئر وکیل گورو بھاٹیہ نے جلد سماعت چاہی جس پر سپریم کورٹ کی 2 رکنی بنچ نے ایک یا  دو  دن میں لسٹنگ پر آمادگی ظاہر کی۔ فلم 11 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی تھی۔

اس کی کہانی راجستھان کے اُدئے پور میں ٹیلر کنہیا لال کے قتل کے گرد گھومتی ہے۔ جون 2022 میں محمد ریاض عطاری اور غوث محمد نے ٹیلر کو ہلاک کردیا تھا۔

ریلیز سے ایک دن قبل دہلی ہائی کورٹ نے روک لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سنسر بورڈ (سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن)کے سرٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے‘ مرکز کا فیصلہ آنے تک فلم ریلیز نہ کی جائے۔ جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے درخواست کی ہے کہ سی بی ایف سی سرٹیفکیٹ رد کردیا جائے۔ اس فلم کی ریلیز سے فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑک سکتی ہے۔