زیارتوں کا سلسلہ جاری، قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور جنگ بندی کے لیے رقت آمیز دعائیں
عراق کے دارالحکومت بغداد شریف اور اس کے اطراف میں واقع مقدس مقامات پر زیارتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حیدرآباد: عراق کے دارالحکومت بغداد شریف اور اس کے اطراف میں واقع مقدس مقامات پر زیارتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ممتاز عالم دین و صحافی اسد العلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی اور دیگر مشائخین کی قیادت میں دعاوؤں اور زیارتوں کا یہ سفر جاری ہے۔
زائرین نے حضرت سیدنا امام موسیٰ کاظمؓ، حضرت سیدنا سجادؓ (کاظمین شریف)، تابعی رسولؐ حضرت سیدنا نعمان بن ثابت امام اعظم ابوحنیفہؓ، حضرت سری سقطیؒ، حضرت بشرحافیؒ اور حضرت ابوبکر بن عبداللہ شبلیؒ کے مزارات پر حاضری دی اور وہاں پر مسلمانوں کی فلاح و بہبود، مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور دنیا بھر میں جاری جنگوں کی فوری بندش کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر عُمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری صاحب قبلہ، جنوبی بھارت کے ممتاز عالم دین اور نامور صحافی اسد العلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی، حضرت مولانا حافظ مفتی محمد محبوب پاشاہ قادری شرفی، حضرت مولانا حافظ سید شاہ نصیر الدین حسینی قادری، جناب سید شاہ رحیم اللہ قادری، جناب محمد جمال الدین قادری اور دیگر افراد موجود تھے۔
زیارتوں اور دعاؤں کا یہ سلسلہ جاری ہے اور مزید زیارتوں کا بھی منصوبہ ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے امت مسلمہ کے حالات بہتر کرنے اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعاؤں میں شرکت کی۔