حیدرآباد

اردو صحافت کا آزادی سے پہلے اور بعد قوم و ملت کے لیے ناقابل فراموش رول

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر عابد معز، احمد امیر خان (ہیڈ رہنمائے دکن فیملی)، عمر دراز خان، انور (منیجنگ ایڈیٹر رہنمائے دکن)، محمد قیصر (ہم ہندوستانی تنظیم)، خالد بصیر، افتخار حسین اور کے این واصف شامل ہیں۔

حیدرآباد: ڈاکٹر اوصاف سعید آئی ایف ایس، سابق سیکریٹری وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اردو صحافت نے آزادی سے پہلے اور بعد دونوں ادوار میں قوم و ملت کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے اردو صحافت نے ہندوستانیوں میں تحریکِ آزادی کے جذبے کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ آزادی کے بعد جمہوریت، دستوری و انسانی حقوق، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوام و حکمرانوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
عالمی یومِ معذورین کے موقع پر معذور بچوں کے لیے تلنگانہ حکومت کی مفت سہولتوں کا اعتراف مولانا مفتی صابر پاشاہ
تحفظِ اوقاف ہر مسلمان کا مذہبی و سماجی فریضہ: ڈاکٹر فہمیدہ بیگم
محکمہ تعلیم کے سبکدوش اساتذہ کو شاندار اعزاز، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
دعا اللہ کی قربت کا دروازہ، مومن کا ہتھیار ہے: مولانا صابر پاشاہ قادری

ڈاکٹر اوصاف سعید، 19 اگست کی شام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی مخاطب تھے۔ یہ تقریب میڈیا پلس فاؤنڈیشن اور گواہ اُردو ویکلی کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی تھی جس میں جناب میر ایوب علی خان (ہیڈ سیاست ڈاٹ کام) اور جناب عزیز احمد (جوائنٹ ایڈیٹر اعتماد) کی 50 سالہ صحافتی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر عابد معز، احمد امیر خان (ہیڈ رہنمائے دکن فیملی)، عمر دراز خان، انور (منیجنگ ایڈیٹر رہنمائے دکن)، محمد قیصر (ہم ہندوستانی تنظیم)، خالد بصیر، افتخار حسین اور کے این واصف شامل ہیں۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ جناب ایوب علی خان اور عزیز احمد نے ہمیشہ اعلیٰ صحافتی اقدار کی پاسداری کی اور حق و صداقت کی آواز بلند کی۔ انہوں نے تعلیم کے فروغ اور سماجی شعور بیدار کرنے میں اردو صحافت کے کردار پر زور دیا۔

جناب عامر اللہ خان (ڈائریکٹر سی پی ڈی پی) نے بھی خطاب کیا اور قوم کی تعلیمی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جناب عزیز احمد اور ایوب علی خان نے اپنے 50 سالہ صحافتی سفر کے تجربات بیان کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ انہیں عزت و وقار کے ساتھ سماج میں اپنی پہچان بنانے کا موقع ملا۔ جناب ایوب علی خان نے نوجوان نسل کو صحافت سے وابستہ ہو کر ملت کی خدمت کرنے کی تلقین کی، جبکہ عزیز احمد نے اپنے استاد جناب اعجاز قریشی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں جناب عابد معز اور خواجہ ناصر الدین نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مرحوم طالب خوند میری کی صاحبزادی آفرین خوندمیری (مقیم امریکہ) نے اپنے والد کی نظم ٹائم کیپسول پیش کی۔ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز نے خیرمقدمی خطاب کیا اور بتایا کہ میڈیا پلس فاؤنڈیشن مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو زندگی ہی میں تہنیت پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر چکی ہے۔

تقریب کی نظامت سید خالد شہباز نے انجام دی، جبکہ انتظامات کی نگرانی سید عامت حنیف نے کی۔ آخر میں مجاہد محی الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔