تلنگانہ

جیل میں کویتا سے بچوں اور ماں کو ملنے کی اجازت

دہلی کی ایک عدالت نے بی آر ایس لیڈرکے کویتا سے جودہلی شراب پالیسی سے مربوط منی لانڈرنگ کیس میں سردست انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل میں ہیں‘ اپنے دونوں بچوں‘ماں اورافراد خاندان سے ملنے کی اجازت دی ہے۔

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بی آر ایس لیڈرکے کویتا سے جودہلی شراب پالیسی سے مربوط منی لانڈرنگ کیس میں سردست انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل میں ہیں‘ اپنے دونوں بچوں‘ماں اورافراد خاندان سے ملنے کی اجازت دی ہے۔

خصوصی جج ایم کے ناگپال نے کویتا کے وکیل نتیش رانا کی عرضی پریہ احکام جاری کئے۔بی آرایس قائد کی طرف سے نتیش رانا ایڈوکیٹ نے فہرست میں خاندان کے افراد کے مزید 7 لوگوں کے نام شامل کرتے ہوئے عدالت میں ایک عرضی داخل کی تھی

اور اس بات کی خواہش کی تھی کہ ای ڈی کی تحویل میں موجودکویتا کو مزید افراد خاندان سے ملاقات کی اجازت دی جائے جس پر خصوصی جج نے کویتا کو بیٹوں‘ ماں اور دیگر افراد خاندان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے تاہم جج نے کہاکہ 16 مارچ کو جاری کردہ احکام میں عدالت نے پہلے 6 افراد کو کویتا سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے اس میں مزیدناموں کا اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔

ملزمہ کے وکیل رانا نے پھرعدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے کہاکہ پہلے دیئے گئے 6 ناموں میں صرف کویتا کے بھائی کے ٹی آر کے نام کو ہی برقراررکھاجائے اور 6نئے ناموں کو شامل کرنے کی درخواست کی جو قریبی افراد خاندان ہیں۔

نئے ناموں پر مشتمل فہرست پر غورکرتے ہوئے 16 مارچ کے احکام میں ترمیم کرتے ہوئے جج نے کے ٹی آر کے ساتھ نئے ناموں کواحکام میں شامل کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ صرف ان افراد کو خاتون بی آرایس قائد سے ملنے کی اجازت دی جائے جن کے نام نئی عرضی میں دیئے گئے۔

جج نے واضح کردیا کہ ایک دن میں صرف 2 یا 3افراد خاندان کوکویتا سے ملنے کی اجازت رہے گی۔جج ناگپال نے 16 مارچ کو کویتا کو 23 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دینے کے احکام جاری کئے تھے۔

a3w
a3w