بھارت

شمالی ہند میں کڑاکے کی ٹھنڈ سے کوئی راحت نہیں

جموں وکشمیر کے میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔ کشمیر فی الحال ”چلہ کلاں“ کی گرفت میں ہے۔40 دن کی کڑاکے کی ٹھنڈ میں برفباری کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

نئی دہلی: شمالی ہند کے وسیع حصہ میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑرہی ہے۔ منگل کے دن جموں وکشمیر کے زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت فریزنگ پوائنٹ سے نیچے آگیا جبکہ صبح کے اوقات میں کہر کی ایسی موٹی چادر تنی ہوئی تھی کہ سڑک اور ریل ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ
شمالی ہند میں 5 دن کہر اور کڑاکے کی سردی: محکمہ موسمیات
حیدرآباد کے بیشتر مقامات میں سردی کی لہر برقرار

دہلی میں درجہ حرارت کسی قدر ٹھیک ہوا جس سے شہریوں کو تھوڑی راحت ملی۔ سری نگر(جموں وکشمیر) میں پیر کی رات درجہ حرارت 1.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔

 وادی کے باب الداخلہ قاضی گنڈ میں اقل ترین درجہ حرارت 0.8 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں یہ منفی 3.6 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب اونچی پہاڑیوں پر اوسط برفباری ہوسکتی ہے۔ وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی تا اوسط برفباری متوقع ہے۔

جموں وکشمیر کے میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔ کشمیر فی الحال ”چلہ کلاں“ کی گرفت میں ہے۔40 دن کی کڑاکے کی ٹھنڈ میں برفباری کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

چلہ کلاں 21 دسمبر سے شروع ہوتا ہے اور 30 جنوری تک جاری رہتا ہے۔ اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد اور 10 روزہ چلہ بچہ کے دوران بھی ٹھنڈ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ دہلی کے پرائمری ویدر اسٹیشن صفدر جنگ آبزرویٹری نے اقل ترین درجہ حرارت 6.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا۔

 لودھی روڈ اور پالم کے ویدر اسٹیشنس نے بالترتیب 6.4 اور 7.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا۔ کہر کی وجہ سے 39 ٹرینوں میں ایک گھنٹہ تا ساڑھے پانچ گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔

 سٹیلائٹ امیجس میں پنجاب تا بہار‘ ہریانہ‘ دہلی اور اترپردیش پر کہر کی دبیز چادر تنی دیکھی جاسکتی ہے۔ حدِ نگاہ کافی گھٹ گئی ہے۔ جنوری میں دہلی میں کڑاکے کی ٹھنڈ سے پاور گرڈس پر بڑادباؤ ہے۔ بے گھر لوگ کافی پریشان ہیں۔ حکومت ِ دہلی نے اسکولوں کو سرمائی تعطیلات 15 جنوری تک بڑھادی ہیں۔

a3w
a3w