اظہر الدین کو وزارت دی جاتی ہے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا: تلنگانہ کانگریس ایم ایل اے مال ریڈی رنگاریڈی
اطلاعات کے مطابق جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب سے قبل ہی انہیں کابینہ میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جس سے وزارتی عہدہ کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آگیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس میں وزارتی عہدے کے لیے خواہشمندوں کی مسابقت بڑھتی جارہی ہے۔ سابق کرکٹر اور سینئر کانگریس رہنما محمد اظہر الدین کو گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب سے قبل ہی انہیں کابینہ میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جس سے وزارتی عہدہ کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آگیا ہے۔
اسی دوران منوگوڑو کے کانگریس ایم ایل اے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی پہلے ہی وزارتی عہدہ دینے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ اب کانگریس ایم ایل اے مال ریڈی رنگا ریڈی نے بھی کھل کر اعلان کیا ہے کہ وہ بھی وزیر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
اتوار کو اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا “میں اب بھی وزارتی ریس میں ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اقلیتی کوٹہ کے تحت اظہر الدین کو وزارت دی جاتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا، تاہم جوبلی ہلز ٹکٹ بی سی طبقہ کے امیدوار کو دیا جانا چاہیے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایم ایل اے مال ریڈی رنگا ریڈی نے وزارتی عہدہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عہدوں کے معاملے میں مجھ سے ناانصافی ہوئی ہے ۔ پارٹی کارکنوں کے مطالبات اور ان کے ساتھ انصاف کے لیے وزارت مانگ رہا ہوں، یہ ذاتی عہدے کی لالچ نہیں ہے۔