حیدرآباد

ذخائر آب پر قبضہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: اے ریونت ریڈی

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز ذخائرآب پر تجاوزات کرنے والوں سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر وہاں سے چلے جائیں اور انتباہ دیاکہ حکومت‘ غیرمجاز تعمیرات کو برداشت نہیں کرے گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز ذخائرآب پر تجاوزات کرنے والوں سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر وہاں سے چلے جائیں اور انتباہ دیاکہ حکومت‘ غیرمجاز تعمیرات کو برداشت نہیں کرے گی۔

متعلقہ خبریں
درگاہ حضرت شاہ قلی بہادرؒ کلثوم پورہ پر کی جارہی غیرقانونی تعمیرات

تلنگانہ پولیس اکیڈیمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے سیلاب کے لئے تالابوں‘ کنٹوں‘ جھیلوں اور نالوں پرتجاوزات کو ذمہ دارٹہرایا جس کے سبب غریبوں کو مشکلات ومصائب کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ حکومت‘ قابض چاہے کتنا ہی طاقتور ہو‘ تمام قبضہ جات کو برخاست کرانے پرعزم ہے۔

انہوں نے قابض افراد سے کہا ہے کہ وہ رضا کارانہ طور پر قبضوں کو ہٹادیں بصورت دیگر حکومت‘ ان غیرمجاز ڈھانچوں کو مسمارکردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذخائرآب کی شکم اور بفرزونس کی اراضیات کو دوبارہ حاصل کرنے کے مقدمہ کے تحت حکومت نے حیدرآباد ڈیزاسٹرریسپانس اینڈ اسیٹس مانیٹرنگ اینڈپروٹیکشن اتھاریٹی(حائیڈرا) تشکیل دی ہے۔

چیف منسٹر نے جھیلوں‘فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) اور بفرزونس کی اراضی پر تعمیرکردہ غیرمجازعمارتوں کو باقاعدہ بنانے کے امکانات کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ حکومت‘ تجاوزات کرنے والوں کو جیل روانہ کرنے میں عارمحسوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیاکہ رودموسیٰ پر تمام قبضہ جات کو ہٹایاجائے گا اور انہوں نے اعلان کیاکہ موسیٰ ندی کے دونوں جانب آباد 11 ہزار غریب لوگوں کو اندرما امکنہ منظورکئے جائیں گے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت‘ منشیات کی لعنت کو آہنی پنجہ سے کچل دے گی۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہارکیاکہ نوجوان‘ منشیات کی عادی بنتے ہوئے سائبرکرائم میں ملوث ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیاکہ نوجوان پولیس آفیسرس‘ تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک ریاست بنانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو اور نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ9برسوں کے دوران نوجوانوں کے توقعات کو پورا نہیں کیاگیا۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ عوام کی حمایت سے ریاست میں پرجاحکومت برسرِ اقتدارآئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ اقتدار پرآنے کے اندرون 3ماہ حکومت نے سرکاری محکموں میں 30ہزار جائیدادوں پرتقررات کئے ہیں۔ مزید 35ہزارجائیدادوں کے تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو پاک کیا ہے اور نوجوان‘ جوش وخروش کے ساتھ امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ریڈی نے پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے حیدرآباد میں 50ایکڑاراضی پر ایک اقامتی اسکول کے قیام کا اعلان کیا۔ایک اور اقامتی اسکول ورنگل میں قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں پر زوردیاکہ وہ حیدرآباد میں اقامتی اسکولس میں کلاسس کے آغاز کے لئے ممکنہ مساعی انجام دیں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کو کاسمیٹک پولیس کی نہیں ایک مضبوط پولیسنگ کی ضرورت ہے اور پولیس کو مجرموں کی نہیں بلکہ صرف متاثرہ اور معصوم افراد کی دوست ہوناچاہئیے۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈاکٹرجتندر نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے 11کروڑ6 لاکھ 83ہزار اور571 روپئے کا چیک چیف منسٹر کے حوالے کیا۔

یہ چیک چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے لئے دیاگیا۔ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد پولیس اکیڈیمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں جملہ 545 سب انسپکٹرس نے شرکت کی ان میں 145 خواتین بھی شامل ہیں۔

a3w
a3w