انٹرٹینمنٹ

’چھوٹا پنڈت‘ کی نقل کرنے پر عرفی جاوید کو ریپ دھمکیاں

سوشل میڈیا اسٹار عرفی جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندی فلموں کے اداکار راج پال یادو کے مشہور کردار ’چھوٹا پنڈت‘ کی نقل کرنے پر انہیں ریپ کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

ممبئی: سوشل میڈیا اسٹار عرفی جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندی فلموں کے اداکار راج پال یادو کے مشہور کردار ’چھوٹا پنڈت‘ کی نقل کرنے پر انہیں ریپ کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

عرفی نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ 2007 میں اکشے کمار کی ریلیز ہونے والی فلم ’بھول بھلیاں‘ میں راج پال یادو کے مشہور کردار چھوٹا پنڈت کی نقل کرنے پر انہیں دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

عرفی جاوید نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی تصویر اور راج پال یادو کے کردار کی تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’راج پال یادو سے کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہوا لیکن جب میں نے یہ روپ دوبارہ دھارا تو سب کو مجھ سے مسئلہ ہوگیا ہے۔ مجھے بغیر کسی وجہ کے ریپ اور قتل کی کئی دھمکیاں ملی ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مذہب کے نام نہاد محافظ لوگ اس پر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کہ میں نے بھول بھلیاں فلم کے 10 برسوں بعد ایسا لباس پہنا ہے۔ کوئی بھی رنگ کسی مذہب کا نہیں ہوتا، اگربتی کسی مذہب کی نہیں ہوتی اور پھول بھی کسی مذہب کے نہیں ہوتے۔‘

سوشل میڈیا اسٹار کی انسٹاگرام پوسٹ میں انہیں پورے بازو والی سرخ رنگ کی ٹی شرٹ اور زرد رنگ کی پینٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس تصویر میں پھولوں والا ہار بھی پہن رکھا ہے اور اپنے چہرے پر سرخ رنگ کا پینٹ کروایا ہوا ہے۔

عرفی کو اکثر سوشل میڈیا پر متنازعہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔خیال رہے 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھول بھلیاں‘ کی مرکزی کاسٹ میں اکشے کمار، ودیا بالن، پاریش راول، امیشا پٹیل اور راج پال یادو شامل تھے۔

a3w
a3w