کریپٹو کرنسی جاب فراڈ میں ملوث تین ملزمین گرفتار، 21 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی USDT چوری کا انکشاف
خفیہ اسمارٹ کنٹریکٹ کے ذریعے اس کے والٹ سے پوری رقم ملزمین کے والٹ میں منتقل ہو گئی، اور اسے اس کا علم بھی نہ ہو سکا۔
حیدرآباد: سائبر کرائم پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے کریپٹو کرنسی جاب فراڈ کے معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی ویب سائٹ trontag.org کے ذریعے 21,04,089 امریکی ڈالر (USDT) مالیت کی کریپٹو کرنسی چوری کی۔
پولیس کے مطابق 44 سالہ متاثرہ شخص، ساکن کلیان نگر حیدرآباد، نے شکایت درج کرائی کہ چند نامعلوم افراد نے اس سے USDT خریدنے کے بہانے رابطہ کیا۔ بعد ازاں اسے بتایا گیا کہ لین دین کے لیے اس کے Tron والٹ کی KYC تصدیق ضروری ہے، جس کے لیے trontag.org نامی ویب سائٹ کا لنک فراہم کیا گیا۔ متاثرہ شخص نے ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات درج کیں، جس کے بعد ایک خفیہ اسمارٹ کنٹریکٹ کے ذریعے اس کے والٹ سے پوری رقم ملزمین کے والٹ میں منتقل ہو گئی، اور اسے اس کا علم بھی نہ ہو سکا۔
شکایت کی بنیاد پر سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ نمبر 129/2026 درج کرتے ہوئے آئی ٹی ایکٹ اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت تحقیقات شروع کیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم نمبر2A سوشِم شری پتی گائیکواڑ (ساکن پونے، مہاراشٹرا) اور ملزم نمبر 4A سری کانت (ساکن حیدرآباد) کو گرفتار کیا، جنہوں نے متاثرہ شخص سے USDT خریدنے کے بہانے رابطہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ملزم نمبر 3A لکی چودھری (ساکن جے پور، راجستھان) کو بھی گرفتار کیا گیا، جس نے جعلی KYC ویب سائٹ تیار کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان منظم انداز میں ملک بھر میں متعدد افراد کو نشانہ بنا چکے ہیں، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
پولیس نے اس کارروائی کے دوران چار موبائل فون اور دو لیپ ٹاپ ضبط کیے ہیں۔ یہ پوری کارروائی ڈی سی پی وی اروند بابو اور اے سی پی آر جی شیوا ماروتھی کی نگرانی میں انجام دی گئی، جب کہ تفتیشی ٹیم کی قیادت انسپکٹر ایس نریش نے کی۔
پولیس کی عوام سے اپیل:
سائبر کرائم پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی نامعلوم یا غیر مصدقہ ویب سائٹ سے اپنا کریپٹو والٹ منسلک نہ کریں، ویب سائٹ کے یو آر ایل کی اچھی طرح جانچ کریں، صرف معتبر ایکسچینجز کا استعمال کریں اور مشتبہ اسمارٹ کنٹریکٹس کی منظوری فوری طور پر منسوخ کریں۔ سائبر فراڈ کے متاثرین فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن 1930 پر رابطہ کریں یا cybercrime.gov.in پر شکایت درج کرائیں۔