ونپرتی ضلع میں اچانک مگرمچھ کی موجودگی سے مقامی افراد میں سنسنی
مگرمچھ کو جورالا پروجیکٹ میں چھوڑ دیا گیا۔ اس کو چھوڑنے کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے راحت کی سانس لی تاہم انہیں پولیس کی طرف سے ایک اور کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ شام 6 بجے کے قریب ناتاویلی گاؤں میں ایک بڑا مگرمچھ داخل ہوا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ونپرتی ضلع کے سری رام نگر ریلوے اسٹیشن، آتماکور کے پلیٹ فارم پر صبح کے وقت ایک چھوٹے مگرمچھ کے بعد پیر کی شام ضلع کے ناٹاولی گاوں میں ایک بڑا مگرمچھ نظرآیا جس کی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی۔حکام نے دعویٰ کیا کہ دونوں واقعات میں کوئی حملہ یا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے پہلے سری رام نگر اسٹیشن پر ریلوے عملہ صبح 7 بجے کے قریب پلیٹ فارم پر چھوٹے مگرمچھ کو رینگتا دیکھ کر حیران رہ گیا۔ خوش قسمتی سے، اسٹیشن پر زیادہ مسافر نہیں تھے اور ریلوے اہلکاروں نے فوری طور پر مقامی جنگلات کے عہدیداروں کو چوکس کیا جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چھوٹے مگرمچھ کو پکڑ لیا، جس کی عمر تقریباً چھ ماہ تھی۔
جنگلات کے ایک عہدیدارنے شبہ کیا ہے کہ چھوٹا مگرمچھ رات کو رینگ کر اسٹیشن میں آیا۔ مگرمچھ کو جورالا پروجیکٹ میں چھوڑ دیا گیا۔ اس کو چھوڑنے کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے راحت کی سانس لی تاہم انہیں پولیس کی طرف سے ایک اور کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ شام 6 بجے کے قریب ناتاویلی گاؤں میں ایک بڑا مگرمچھ داخل ہوا ہے۔
جھاڑیوں میں مگرمچھ کو دیکھ کر مقامی افرادنے مقامی پولیس کو اطلاع دی جس نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو چوکس کیا۔ مقامی افرادنے پولیس کے ساتھ مل کر مگرمچھ کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ انہوں نے مگرمچھ کو باندھ کر گاؤں کے گرام پنچایت کے دفتر کے کمرے میں رکھا اور اسے تالا لگا دیا۔